کامرہ ایئربیس پر دہشت گردی، نیٹو سپلائی کی بحالی کا ردعمل ہے، منور حسن

کامرہ ایئربیس پر دہشت گردی، نیٹو سپلائی کی بحالی کا ردعمل ہے، منور حسن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ کامرہ ایئر بیس پر دہشت گردی کا واقعہ شمالی وزیرستان میں عید کے بعد فوجی آپریشن کے اعلان اور نیٹو سپلائی کی بحالی کا رد عمل ہوسکتا ہے۔ حکومت اور فوج اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں اور شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے باز رہیں ورنہ پورے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔واقعہ کے تین گھنٹے بعد تک میڈیا پر ذمہ دار ذرائع کی طرف سے اس کے پیچھے غیر ملکی ہاتھ ہونے کا دعوی کیا گیا مگر پھر اچانک اس کا ذمہ دار طالبان تحریک پاکستان کو ٹھہرا دیا گیا۔ نہ جانے ہم کب تک خود کو دھوکا دیتے اور اصل دشمنوں پر پردہ ڈال کر دوسروں کے پیچھے بھاگتے رہیں گے ۔ ہمارا یہ رویہ دشمن کو مزید کھل کھیلنے کا حوصلہ دیتاہے کیونکہ اسے پتہ ہوتاہے کہ الزام اس پر نہیں کسی اور پر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جمعرات کے روز منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام۲۷ رمضان المبارک یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی لاہور امیرالعظیم، سید عبدالوحید،مولانا امجد خان، مولانا عبدالخالق اسدی و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کی امریکی مفادات کی جنگ سے فوری لاتعلقی کا اعلان کیا جائے۔ اس میں جتنی تاخیر کی جائے گی خطرات مزید بڑھتے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -