آئی فون صارفین میں تہلکہ مچانے والی ایپلی کیشن ”پریزما“ اینڈرائڈ سمارٹ فونز کیلئے بھی فراہم کر دی گئی

آئی فون صارفین میں تہلکہ مچانے والی ایپلی کیشن ”پریزما“ اینڈرائڈ سمارٹ ...
آئی فون صارفین میں تہلکہ مچانے والی ایپلی کیشن ”پریزما“ اینڈرائڈ سمارٹ فونز کیلئے بھی فراہم کر دی گئی

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی فون صارفین کو اپنے سحر میں جکڑنے اور سوشل میڈیا ویب سائٹس پر دھوم مچانے والی ایپلی کیشن ”Prisma“ اب اینڈرائڈ کیلئے بھی دستیاب ہے۔ پریزما ایپلی کیشن کے ڈویلپرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئی فون ایپلی کیشن میں دستیاب تمام فیچرز اینڈرائڈ میں بھی مہیا کئے ہیں اس وجہ سے دونوں طرح کے سمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کیلئے ایک ہی طرح کے فلٹرز دستیاب ہیں۔

پریزما ایپلی کیشن بنیادی طور پر تصاویر کو پینٹنگز میں تبدیل کر دیتی ہے اور اس کیلئے مارکیٹ میں دستیاب دیگر ایپلی کیشنز کے برعکس انتہائی پیچیدہ اور منفرد طریقہ استعمال کرتی ہے۔ اس ایپلی کیشن میں 30 فلٹرز ہیں اور یہ پکاسو سمیت مشہور مصوروں کے پینٹنگ سٹائلز کیساتھ ساتھ مشہور زمانہ پیٹرنز کو استعمال کرتے ہوئے تصویر کو مکمل طور پر سکین کرنے کے بعد نیورل نیٹ ورک اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تصویر کے مطابق فلٹرز لگاتی ہے اور اسے پینٹنگ میں تبدیل کر دیتی ہے جبکہ اس سے حاصل ہونے والے نتائج دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے یہ کسی سمارٹ فون کے کیمرے سے لی گئی تصویر نہیں بلکہ واقعی ہی کسی مشہور مصور کی پینٹنگ ہے۔

ابتدائی طور پر یہ ایپلی کیشن آئی فون صارفین کیلئے فراہم کی گئی اور اتنی مقبول ہوئی کہ ہر جانب اس کا چرچا دکھائی دینے لگا اور صارفین اپنی تصاویر کو ”ماہر مصور کی پینٹنگ“ میں تبدیل کرنے کے بعد انسٹاگرام، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے لگے۔ آئی سٹور میں ریلیز کے بعد سے اب تک 10.6 ملین صارفین اسے انسٹال کر چکے ہیں اور تقریباً 400 ملین تصاویر پینٹنگز میں تبدیل کر چکے ہیں۔

انٹرنیٹ پر یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اس ایپلی کیشن کی شاندار کامیابی کے بعد کمپنی اگلے چند ہفتوں میں ویڈیوز پر فلٹرز لگانے کا فیچر بھی متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اگر آپ بھی پریزما کے اینڈرائڈ ورژن کا انتظار کر رہے تھے تو یہاں کلک کر کے اسے ڈاﺅن لوڈ کر کے اپنی تصاویر کو شاندار پینٹنگ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی


loading...