پیف اور دانش سکول اتھارٹی کو سکولوں کی حوالگی سے فی الفور روکا جائے، سجاد اکبر

پیف اور دانش سکول اتھارٹی کو سکولوں کی حوالگی سے فی الفور روکا جائے، سجاد ...

لاہور(خبرنگار) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی قیادت میں چوہدری سرفراز، رانا لیاقت علی، مہر مختار، یاسین وڑائچ، اسلم گھمن ، فقیر حسین، میاں ارشد، چوہدری محمد علی، ملک سجاد حسین، رانا خالد، مرز ا طارق ، امتیاز شاہین ، طاہر اسلام، حافظ نذیر گجر، مفتی ضمیر حسین، سید محمود شاہ، شبیر منڈیال، عبدالجبار، مرزا اختر بیگ، و دیگر نے گزشتہ رو ز محمد اختر ایڈیشنل سیکرٹری سکولز پنجاب، مشتاق احمد سیال ڈی پی آئی ایلیمنٹری ، آصف مجید ڈپٹی سیکرٹری اورسید ممتاز حسین شاہ ڈی پی آئی سیکنڈری پنجاب سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ پیف اور دانش سکول اتھارٹی کو سکولوں کی حوالگی کو فی الفور روکا جائے ۔اس آڑ میں اساتذہ کی سرنڈرنگ کسی صورت برادشت نہیں کی جائے گی۔ طے شدہ امور سے انحراف اساتذہ میں بے چینی و اضطراب کا باعث ہے۔ دانش سکولز اتھارٹی اور پیف اقرباء پروری و کرپشن کے گڑھ ہیں۔ان کی کارکردگی مصنوعی ہے۔ اپ گریڈیشن کے نام پر اساتذہ کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ اس کے لئے حتمی ٹائم فریم دیا جائے۔

وزیر اعلی پیکیج اور ان سروس پرموشن تا حال زیر التواء ہے۔اساتذہ پنجاب کے مفادات کو اگر اسی طرح نظر انداز کیا جاتا رہا تو تعلیمی اہداف کا حصول ناممکن ہوجائے گا۔ اگر وزیر اعلی پنجاب تعلیمی میدان میں 100%اہداف کا حصول چاہتے ہیں تو انہیں اساتذہ کے معاشی و معاشرتی حالات کو بہتر بنانے کے لئے انقلابی اقدامات کرنا ہونگے۔ پرائمری ، ایلیمنٹری اور سیکنڈری سکولوں میں اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے پی ایس ٹی اور ای ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ 16 اور ایس ایس ٹی اساتذہ کو گریڈ 17دیا جائے ۔PEC اور بورڈز کے رزلٹ پر ہیڈ ٹیچرز سیمت اساتذہ کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں لیکن اچھے نتائج پر حوصلہ افزائی کا کوئی انسینٹو نہیں دیا جاتا۔2009سے پرائمری ، ایلیمنٹری اور سیکنڈری کے ہیڈ ٹیچرز کو ملنے والا چارج الاؤنس انتہائی قلیل ہے۔ ہر ہفتے میٹنگ اور روزانہ ڈاک کی ترسیل پر بے تحاشا اخراجات ہیڈ ٹیچرز کو برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ لہذا پرائمری ہیڈ ٹیچرز کو 5000 روپے ماہانہ ، ایلیمنٹری ہیڈ ٹیچرز کو 8000 روپے ماہانہ اور سیکنڈری کے ہیڈ ٹیچرز کو 12000روپے ماہانہ چارج الاؤنس دیا جائے اور اچھے رزلٹ پر 25000 روپے سے لیکر ایک لاکھ روپے سالانہ تک کا انسینٹو دیا جائے ۔جس پر ایڈیشنل سیکرٹری سکولز پنجاب محمد اختر نے کہا کہ پنجاب ٹیچرز یونین کے مطالبات درست ہیں۔ محکمہ دانش سکولز اتھارٹی سے رابطہ میں ہے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کسی ٹیچر کو بلاوجہ سرنڈر نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی پرنسپل تبدیل کیا جارہا ہے۔ اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن 30ستمبر تک جاری کر دیا جائے گا۔ پی ایس ٹی ، ای ایس ٹی کی پوسٹ گریڈ 16 میں اپ گریڈ کرنے و چارج الاؤنس میں اضافہ اور انسینٹو کے لئے آپ کی تجاویز کی روشنی میں سفارشات فور ی طور پر وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کی جائیں گی۔ ان ٹرینڈ پیریڈ کی ترقیاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کے باوجود اساتذہ کہ نہیں دی جا رہی ہیں لہذا ان ٹرینڈ اساتذہ کی ترقیوں کا کیس رواں ہفتے فنانس کو ارسال کر دیا جائے گا تاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ پر عمل درآمد ہو سکے۔

Back t

مزید : میٹروپولیٹن 4