فلم’’رستم‘‘ سے الیانا اور ایشا کی بالی وڈ میں واپسی

فلم’’رستم‘‘ سے الیانا اور ایشا کی بالی وڈ میں واپسی
 فلم’’رستم‘‘ سے الیانا اور ایشا کی بالی وڈ میں واپسی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (این این آئی)اکشے کمار کی نئی فلم ’’رستم‘‘ سے الیانا ڈی کروز اور ایشا گپتا کی ایک عرصے بعد بالی وڈ میں واپسی ہو رہی ہے۔یہ دونوں اداکارائیں جنوب کی فلمی صنعت میں تو فعال تھیں، لیکن بالی وڈ میں تقریباً دو سال سے ان کی کوئی فلم نہیں آئی۔الیانا ڈی کروز بالی وڈ میں آخری بار 2014 میں سیف علی خان کے ساتھ فلم ’ہیپی اینڈنگ‘ میں نظر آئی تھیں۔فلم رستم کے بارے میں بی بی سی سے خصوصی ملاقات میں الیانا نے شکایتی لہجے میں کہاکہ ’برفی، میں تیرا ہیرو، پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو اور ہیپی اینڈنگ جیسی فلمیں دینے کے باوجود انڈسٹری میں بہترین فلمیں آفر نہیں ہو رہی ہیں۔الیانا کا کہنا ہے کہ ان کے پاس جو فلمیں تھیں ان میں سے کچھ شروع ہی نہیں ہو پائیں اور ساری ڈیٹس ضائع ہوگئیں اور دو سال برباد ہو گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ شاید یہ قسمت کا ہی کھیل ہے۔وہیں ایشا گپتا بالی وڈ میں اس فرق کے لیے قسمت سے زیادہ خود کو ہی ذمہ دار مانتی ہیں۔ایشا کے مطابق ایسی ویسی فلموں میں کام کرنے سے بہتر ہے کہ اچھی پیشکش کا انتظار کیا جائے، جو میں نے کیا۔ کئی فلمیں ملتوی ہونے کے بعد جب مجھے رستم کی آفر ملی تو لگا کہ اب میرا وقت آ گیا ہے۔’جنت 2‘ اور ’ہم شکل‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی ایشا گپتا کہتی ہیں کہ ’اس انڈسٹری میں صبر کے ساتھ کام کرتے رہنا ضروری ہے۔ اکشے کمار کی بھی 12 فلمیں مسلسل فلاپ ہوئی تھیں، لیکن وہ اپنا کام کرتے رہے، بس کام کرتے رہنا چاہیے۔‘اگرچہ دونوں اداکاراؤں کا خیال ہے کہ فلم رستم میں انھیں کافی اثر چھوڑنے والی اداکاری کرنے کا موقع ملا ہے اور انھیں امید ہے کہ ان کا کردار ناظرین کے ذہن میں اپنی چھاپ ضرور چھوڑے گا۔

مزید :

کلچر -