کوڑا اٹھانے کیلئے رکشہ کنٹینر سروس کا آغاز

کوڑا اٹھانے کیلئے رکشہ کنٹینر سروس کا آغاز

  لاہور( جنرل رپورٹر)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) نے والڈ سٹی کی 8یونین کونسلوں میں ویسٹ کلیکشن سسٹم کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے درمیانے سائز کے موٹر سائیکل رکشہ کنٹینرز سروس کا آغاز کر دیا۔ان موٹر سائیکل رکشہ کنٹینرز کو متعارف کروانے کا مقصد والڈ سٹی کی تنگ گلیوں سے کوڑا کرکٹ کو موثرطریقے سے اکٹھا کرنااور ٹھکانے لگانا ہے۔ سروس کا آغاز والڈ سٹی میں تقریب میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پولیٹیکل سیکریٹری ٹو حمزہ شہباز وسیم قادر، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر زاحمد رافع عالم، خرم روحیل اصغر اور منیجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیوایم سی بلال مصطفی سید تھے۔ مہمانان خصوصی نے خود رکشہ چلا کر سروس کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خرم روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ ایل ڈبلیوایم سی لاہور میں بہترین صفائی کے لیے بے حد محنت کر رہی ہے جس سے واضح بہتری بھی دیکھنے کو ملی ہے جس میں شہریوں کا کردار شامل ہو جائے تو نتائج میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ شہریوں سے التما س ہے کہ جس طرح اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں اسی طرح اپنی شاہراؤں، گلی، محلوں، بازاروں، شہروں اور ملک کو صاف رکھیں۔ ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی بلال مصطفی سید نے بتایا کہ ادارہ شہر کے باقی گنجان آباد علاقوں میں بھی رکشہ سروس پر غور کر رہا ہے تاکہ وہاں ویسٹ کلیکشن سے متعلق مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق ان رکشہ کنٹینرز کو ڈیزائن کرنے کے لیے علاقہ کے مکینوں ، فیلڈ سٹاف اور ڈیزائن کے ماہرین سے مدد لی گئی ہے۔ابتدائی طور پر اندرون لاہور کی آٹھ یونین کونسلوں میں 35موٹر سائیکل رکشہ کنٹینرز متعارف کروائے جارہے ہیں ۔ان کے کامیاب استعمال کے بعد ان کی تعداد میں اضافہ کردیا جائے گا۔ لاہورو یسٹ مینجمنٹ کمپنی ان موٹر سائیکل رکشہ کو شہر کے دوسرے تنگ گلیوں والے علاقوں میں بھی متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے جہاں بھاری مشینری نہیں پہنچ سکتی ۔افتتاحی تقریب میں LWMCکے علاوہ ترک کنٹریکٹر، اوزپاک، البیراک کے اافسران اور مقامی نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1