شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ندائے امت کانفرنس ہوگی

شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ندائے امت کانفرنس ہوگی

لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام انتہاپسندی ،دہشتگردی ،فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اور مدینہ منورہ سے کوئٹہ تک کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’’ندائے امت کانفرنس ‘‘18اگست کو اسلام آباد میں ہوگی۔ کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے ان کا حل صرف اور صرف امت مسلمہ کے اتحاد میں ہے۔ انتہاپسندی ،دہشتگردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو متحد ہوکر امن کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ داعش جیسے فتنے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کررہے ہیں اور اسی طرح مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے نوجوانوں میں بھی دہشتگردی پروان چڑھ رہی ہے جس کے خاتمے کیلئے مکالمہ کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ندائے امت کانفرنس میں تمام مذاہب اور مکاتب فکر کے قائدین شریک ہوں گے اور ایک متفقہ ضابطہ اخلاق قومی اور عالمی سطح پرپیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کشمیر ،فلسطین،یمن،شام اور عراق کی صورتحال پر بھی عوام الناس کی رہنمائی کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...