انڈر21ہاکی ٹیم کادورہ یورپ،تربیتی کیمپ کاآغازآج ہوگا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) دورہ یورپ کی تیاریوں کے لئے قومی انڈر 21 ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز آج جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا ۔ کیمپ کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے بتایا مختصر دورانیہ کے تربیتی کیمپ میں صبح و شام دو مختلف سیشنز میں ٹریننگ ہوگی ۔کھلاڑی نائن اے سائڈ ٹورنامنٹ کھیل کر آرہے ہیں اور ان کی فٹنس،سٹرکچر اور پنلٹی کارنرز کے شعبہ پر زیادہ زور دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ قومی جونیئر انڈر 21ٹیم 22اگست سے 2ستمبر تک یورپ کا دورہ کرے گی ۔اسپین میں قومی انڈر 21ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی ،نیدر لینڈ میں قومی جونیئر ٹیم ڈچ پریمیئر ڈویژن سمیت دیگر ٹاپ ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی ۔ دورہ یورپ جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے جو کہ رواں سال کے آخر میں بھارت میں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم نے دورہ یورپ کے دوران 2ستمبر سے 10ستمبر تک فرانس کی جونیئر اور سینئر ٹیموں کے خلاف میچز کھیلنا تھے جو کہ ان کی مصروفیت کی وجہ سے نہیں ہوسکیں گے اسلئے ٹیم کا دورہ مختصر کردیا گیا ہے ۔ٹیم کا دورہ یورپ کا پہلا شیڈول 22اگست سے 12ستمبر تھا لیکن اب اسے مختصر کرکے 22اگست سے 2ستمبر کردیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ کیمپ کے لئے اعلان کردہ 31کھلاڑیوں میں چھ گول کیپرز علی رضا ،طلال خالد ،عثمان غنی ،منیر الرحمان ،رمان خان ،حافظ علی عمیر ، 7ہاف بیکس میں ابوبکر محمود ،فیضان ،جنید کمال ،ایم عثمان ،محمد قاسم ،تنظیم الحسن ،عماد شکیل بٹ,,چار فل بیکس میں عاطف مشتاق ،حسن انور ،مبشر علی اور زاہد اللہ شامل ہیں ، 14فارورڈز میں شان ارشد ،اظفر یعقوب ،محمد دلبر ،محمد عتیق ،بلال قادر ،محسن صابر ،رانا سہیل ریاض ،سمیع اللہ ،محمد رضوان ،محمد نوید ،بلال محمود ،فہد اللہ ،عامر علی اور عمیر حامدی شامل ہیں ۔