لاہورقلنداورموبی لنک کا’’دی رائزنگ اسٹار‘‘پروگرام شروع کرنے کااعلان

لاہورقلنداورموبی لنک کا’’دی رائزنگ اسٹار‘‘پروگرام شروع کرنے کااعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کے انتہائی مقبول ٹیلی کام برانڈ، جازاورپاکستان پریمئیرلیگ کی ٹیم ، لاہورقلندرزنے پورے پنجاب کے لئے’’دی رائزنگ اسٹار‘‘اقدام شروع کرنے کا اعلان کیاہے۔اس اقدام کا مقصد ملک میں بنیادی سطح پر کرکٹ کو مزیدفروغ دینا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کونکھارنے اور مہارتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔جاز اور لاہور قلندرز اس پروگرام کے ذریعہ آئندہ مہینوں میں کرکٹ کے مقامی منظرنامے کو تبدیل کر دینا چاہتے ہیں۔موبی لنک کے چیف مارکیٹنگ آفیسر آصف عزیز نے کہا،’’جاز کی یہ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں پائے جانے والے منفرد اور نمایاں ٹیلنٹ کوآگے لانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔ہم انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان واپس لانا چاہتے ہیں اور اسی کے ساتھ ساتھ مستقبل کے ایسے چیمپینئز تیار کر نا چاہتے ہیں جن پر ہم سب کو فخر ہو۔‘‘موبی لنک کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ شہباز مقصود خان نے کہا،پاکستان میں ایسا ٹیلنٹ موجود ہے جسے اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے صحیح مواقع کبھی نہیں ملے،لاہورقلندرز کے چیئرمین ، فواد رانا نے کہا،’’ایک ٹیم کے طور پر ہمارا مقصد یقینی طور پر اپنے شائقین کے لیے میچ جیتنا ہے لیکن ہما را دوسرا مقصد کرکٹ کے مقامی منظرنامے پر مثبت اثرات مرتب کرنا بھی ہے۔’دی رائزنگ اسٹار‘ اقدام میں اسی بات کو مد نظر رکھا گیا ہے۔دونوں فرنچائزز پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن سے پہلے T20 کے چند میچوں میں بھی ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔ یہ میچ لاہور اور دبئی میں منعقد ہوں گے اور دونوں فرنچائزز کے زیر تربیت کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے جائیں گے ۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنزلاہور قلندرز، عاقب جاوید نے کہا،’’میں یہ دیکھنے کے لیے بہت بے تاب ہوں کہ ہمارا تلاش کردہ ٹیلنٹ درپیش چیلنج کا مقابلہ کرنے کے قابل خود کو بنا سکتا ہے یا نہیں۔یہ آسان نہیں ہوگا اور درخواست دینے والوں کو پہلے کے مقابلہ میں زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔ جن میں سے کچھ آگے نکل جائیں گے اور کچھ پیچھے رہ جائیں گے لیکن مجھے امید ہے کہ دونوں ہمارے اعتماد کو صحیح ثابت کریں گے’دی جازرائزنگ اسٹار‘ کو تین مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں پنجاب کے آٹھ بڑے شہروں، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کو شامل کیا گیا ہے اور دو دن کے اختتام پر ہر شہر سے 16 کھلاڑیوں کی مختصر فہرست تیار کی جائے گی۔دوسرے مرحلہ میں ایک جاز رائزنگ اسٹار ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا16 کھلاڑیوں پر مشتمل آٹھ ٹیمیں بنائی جائیں گی جو پی ڈی پی ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دو بہترین کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ 2017کے لیے لاہور قلندرز کے آفیشل اسکواڈ میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔تیسرے مرحلہ میں جاز رائزنگ اسٹار ٹورنامنٹ سے منتخب کیے گئے 30 کھلاڑیوں کو ڈیویلپمنٹ اکیڈمی میں حصہ لینے کے لیے دعوت دی جائے گی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی