عمران خان سیاسی ناکامیوں کی بھڑاس پنجاب پولیس پر نکالتے ہیں، زعیم قادری
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب اسمبلی کے رکن سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ گجرات اور جہلم کے عوام عام انتخابات میں تحریک انصاف کو مسترد کر کے اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دھرنا پارٹی کے لیڈروں کو سیاست میں اپنی پے درپے ناکامیوں کااعتراف کر لینا چاہیے۔ سیدزعیم حسین قادری نے عمران خان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی سیاسی ناکامیوں کی بھڑاس پنجاب پولیس پر نکالتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما سینہ پھیلا کر جس کے پی کے پولیس کی تعریفوں کے پل باندھتے ہیں ملک بھر کے عوام میڈیا کے ذریعے بلدیاتی انتخابات میں کے پی کے پولیس کی نام نہاد غیرجانبداری کا بھرپور مظاہرہ دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج‘ دھرنے‘ جلسے جلوس عمران خان کی عادت ثانیہ بن چکے ہیں۔ عمران خان کسی منشی کی طرح تاریخوں پر تاریخیں دینے کے عادی ہو چکے ہیں۔