گلاب جامن کا ذکر ،خوشی پر منہ میٹھا کرانا ہماری روایت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

گلاب جامن کا ذکر ،خوشی پر منہ میٹھا کرانا ہماری روایت ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایوان وزیراعلیٰ میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی تقریب کے دوران دلچسپ پیرائے میں بھی گفتگو کی جس سے اوورسیز پاکستانیز بہت محظوظ ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے امریکہ کے شہر شکاگو میں مقیم علی حیدر ملک سے پوچھا کہ آپ کو آپ کی رقم کمیشن نے واپس دلائی ہے، کیا اس کیلئے کچھ دینا تونہیں پڑا؟ جس پر علی حیدر نے کہا کہ میں نے کچھ اور تو نہیں دیا لیکن مٹھائی اور گلاب جامن دیئے ہیں۔ جس پر شہبازشریف نے کہا کہ خوشی پر منہ میٹھا کرانا ہماری روایت ہے لہٰذا گلاب جامن کھلانا تو ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح محنت سے کام کیا جائے تو ہم مل کر پاکستان کو سدھار سکتے ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم خاتون نسیم محمود جسے کمیشن نے ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر کا قبضہ لے کر دیا، کی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں بغیر رشوت دیئے ان لوگوں کے جائز کام ہوئے ہیں اور آج یہ اس کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔ یہ وہ نظام ہے جسے ہم نے آگے لے کر جانا ہے اور کراچی سے پشاور تک پھیلانا ہے۔ یقیناًاوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے بہت بڑی کاوش کی ہے اور اس طرح کی بھرپور آواز پاکستان بھر سے آنی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین خالد شاہین بٹ اور کمشنر افضال بھٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خالد شاہین بٹ میرے دوست بھی ہیں اور بھائی بھی اور ان کے 3 اوپن ہارٹ آپریشن ہوچکے ہیں جبکہ ان کی کڈنی بھی ٹرانسپلانٹ ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود وہ ہمت کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور جب میں ایک موذی مرض کے علاج کیلئے امریکہ میں مقیم تھا تو یہ نہ صرف میری تیمارداری کرتے تھے بلکہ ہفتے میں 3 بار ان کا ڈائلسیز بھی ہوتا تھا۔ کمشنر افضال بھٹی بھی انتہائی ایماندار اور سادہ شخصیت کے مالک ہیں اور انہیں کوئی رائٹ لیفٹ نہیں آتا۔ برطانیہ میں جب میں غریب الوطن تھا تو میری ان سے تب سے دوستی ہے۔ یہ انتہائی محنت سے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر یہ شعر پڑھا۔
غلامی میں کام آتی ہیں شمشیریں نہ تدبیریں
جو ہو ذوق یقیں پیدا تو کٹ جاتی ہیں زنجیریں

مزید :

صفحہ اول -