خیبر ایجنسی جیٹ طیاروں کی بمباری ، 15دہشتگرد ہلاک

خیبر ایجنسی جیٹ طیاروں کی بمباری ، 15دہشتگرد ہلاک

 خیبر ایجنسی (خصوصی رپورٹ،آئی این پی) سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقوں میں جیٹ طیاروں سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس دوران 15دہشت گردہلاک جبکہ ان کے 5ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وطن کے محافظوں نے خیبر ایجنسی میں امن کے دشمنوں پر زمین تنگ کر دی ہے۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیرہ میں فضائی کارروائیوں کے دوران15 دہشت گرد مارے گئے۔ جیٹ طیاروں نے ان کے کئی اہم ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے ہیں۔ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔گزشتہ صبح بھی خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کی گئی تھی جس میں شدت پسندوں کے کم از کم پانچ ٹھکانے تباہ ہو گئے تھے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائی کے دوران راجگل ، ستارکلے اور خیر بہ کے علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری طرف پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاکستان نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور افغانستان سے خیبرایجنسی میں آمد و رفت روکنے کیلئے پہاڑوں اور دروں پر مزید فوجی دستے تعینات کر دیئے ۔سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر آپریشن شروع کیا ہے جس کا مقصد خیبرایجنسی میں دہشت گردوں کی آمد و رفت روکنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وادی راجگال سمیت خیبرایجنسی کے بلند پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر موثر انداز میں نظر رکھنے اور افغانستان سے پاکستان داخلے کو روکنے کیلئے آپریشن کیا گیا۔ سرحد پر قائم چیک پوسٹوں اور دروں پر مزید فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ۔

جیٹ طیاروں کی بمباری

مزید : صفحہ اول