شہباز شریف کا پنجاب میں اووسیز پاکستانیوں کیلئے ون ونڈوسٹیشن بنانے کا اعلان
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ و چےئرمین اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیارغیر میں لاکھوں کی تعدادمیں رہنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اوران کے مسائل کے حل کیلئے قائم کیے گئے ادارے ’’اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب ‘‘کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ پنجاب سے شروع کیے گئے اس کار خیر کو پورے ملک تک بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اوورسیزپاکستانیز کے مسائل کے حل کے لئے جس جذبے اورمحنت کے ساتھ یہ ادارہ کام کررہا ہے اگرملک کے تمام ادارے اسی جذبے اورلگن کے ساتھ کام کرنے کا عہد کرلیں اورپوری قوم یکجان دوقالب ہوکرفیصلہ کرلے تویقیناًملک کے حالات سالوں میں نہیں بلکہ ہفتوں میں بدل جائیں گے اورپاکستان کو درپیش تمام چیلنجز اورمسائل حل ہوجائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ان اضلاع میں ون ونڈو سٹیشن قائم کرنے کا اعلان کیاجن اضلاع سے زیادہ لوگ دیار غیر میں قیام پذیر ہیں ۔ ون ونڈوسٹیشن میں مختلف اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے جہاں ایک ہی چھت تلے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل ہوں گے۔ اس مقصد کیلئے ہر قسم کے وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ عدالت عالیہ سے بات کر کے اوورسیزپاکستانیوں کے کیسوں کے حوالے سے علیحدہ عدالتیں بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی پہلی سالگرہ اور جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان ،ملک ندیم کامران ،چوہدری شیر علی ،حمیدہ وحید الدین،وائس چےئرمین اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب، کیپٹن(ر) خالد شاہین بٹ،کمشنر افضال بھٹی ،پنجاب حکومت کے اعلی حکام اور دیار غیر میں بسنے والے عظیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج انتہائی اہم دن ہے جب ہم قومی معیشت کی مضبوطی میں کردارادا کرنے والے عظیم پاکستانیوں کے ادارے اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں ۔14اگست کو قوم نے اپنا70یوم آزادی نہایت سنجیدگی اورسادگی سے منایا۔میں تقریب میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔ہم آج ایک ایسے ادارے کی سالگرہ منانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں جودیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے بغیر کسی سفارش اورکرپشن کے کام کررہا ہے۔ادارے نے اب تک ہزاروں اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں ریلیف فراہم کیا ہے جس پر میں ادارے کی پوری ٹیم اور اس ضمن میں تعاون کرنے والے پنجاب کے دیگر اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ اداکرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ ہو یا امریکہ یاناروے یا کوئی اورملک دنیا میں سو فیصد کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔تاہم ان ممالک میں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے اور کسی بھی غلط کام پرقانون ایسا حرکت میں آتا ہے کہ کسی کو معاملے پر اثر انداز ہونے کی ہمت نہیں ہوتی اورنظام اپنا راستہ خود بناتا ہے ۔ اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب نے بھی اسی طرز پر کام کرکے ایک اعلی مثال قائم کی ہے ۔وائس چےئرمین کیپٹن(ر) خالد شاہین بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ذہن کی اختراع اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔میرٹ اور شفافیت اس ادارے کا نصب العین ہے۔کمشنر افضال بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک ادارے کو چار ہزار کے قریب شکایات موصول ہوئیں جن میں سے دو ہزار شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے ۔ادارے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے اور تمام اضلاع میں کمیٹیاں پوری طرح متحرک ہورکر کام کررہی ہیں۔سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی پورے ملک میں تحسین کی جارہی ہے اور آزاد کشمیر حکومت کی درخواست پر وہاں ایسے ادارے کے قیام کیلئے بھر پور تعاون فراہم کیا گیا ہے ۔بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو سب اس ادارے کی کارکردگی کے معترف ہیں ۔وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر اوورسیزپاکستانیزکمیشن پنجاب کے ممبران ،پنجاب حکومت کے افسران اوربہترین کارکردگی دیکھانے والے پانچ اضلاع کی کمیٹیوں کے سربراہان میں تعریفی شیلڈز اوراسناد تقسیم کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کے پروگراموں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ سرمایہ کاری، معاشی، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی بار آور ثابت ہو رہی ہے۔حکومت کی اعلی کارکردگی کی بدولت معاشی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں ۔وہ رکن صوبائی اسمبلی سید رضا علی گیلانی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید نے ملک کے امن کیلئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا اور قوم ان کی عظیم قربانی کو نہیں بھلا سکی۔ شجاع خانزادہ شہید ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کی پہلی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہیدنے قوم کے بہادر سپاہی کی طرح جام شہادت نوش کیا اور رہتی دنیا تک یہ قربانی یاد رکھی جائے گی۔کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید ایک سچے،دیانتدار،کھرے، بہادر اور جرأت مند سیاستدان تھے ۔