ابو الحسن نجمی کی بطور سیکرٹری قانون پنجاب تعیناتی کیخلاف دائر درخواست مسترد
لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے ابو الحسن نجمی کی بطور سیکرٹری قانون پنجاب کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔یہ درخواست ظہیر افضل چدھڑکی طرف سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھاکہ سیکرٹری قانون ابوالحسن نجمی ریٹائر ڈ آفیسر ہیں انہیں سیکرٹری قانون کے عہدے پرتعینات نہیں کیاجاسکتا لیکن پنجاب حکومت نے 2009ء میں انہیں سیکرٹری قانون کے عہدے پر تعینات کیا اور غیر قانونی طور پر ان کے عہدے میں بار بار توسیع کی جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی واضح خلاف ورزی ہے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری قانون پنجاب کو نئے قوانین اور سرچ کمیٹی کے ذریعے میرٹ پر پورا اترنے کے سبب تعینات کیاگیاجس پر عدالت نے درخواست مسترد کر دی ہے۔