چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے امریکی قونصلیٹ جنرل اور پولیٹیکل چیف کی ملاقات

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے امریکی قونصلیٹ جنرل اور پولیٹیکل چیف کی ملاقات

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے قائم مقام امریکن قونصلیٹ جنرل ڈیبورا رابن سن اور پولیٹیکل چیف رابرٹ نیو سم نے ملاقات کی، اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کی مسز جسٹس ارم سجاد گل اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی عظمیٰ اختر چغتائی بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں جوڈیشل افسران کی بیرون ملک ٹریننگ ، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ٹریننگ کے لئے بیرون ممالک سے ماہرین کی دستیابی اور اکیڈمی میں تربیتی کورسز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی قونصلیٹ جنرل نے چیف جسٹس کی جانب سے جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ چیف جسٹس نے وفد کو بتایا کہ عدالت عالیہ کا بین الاقوامی نوعیت کا کیس مینجمنٹ سسٹم بھی آئندہ ماہ کام شروع کر دے گا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بروقت انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ضلعی عدالتوں کو فعال کیا جارہا ہے اوراے ڈی آر سنٹرز بھی بنائے جارہے ہیں۔مزید برآں امریکی قونصل کے تعاون سے 5جوڈیشل افسران کو کیس مینجمنٹ کی ٹریننگ کے حوالے سے چیک سلوواکیہ کے شہر پراگ میں بھیجا جارہا ہے۔

مزید : صفحہ آخر