شکریہ شہبازشریف، ’’میاں صاحب تسی گریٹ او‘‘ایک پائی دیئے بغیر رقم بھی ملی اور گھر کا قبضہ بھی،اوورسیز پاکستانیوں کا اظہار خیال

شکریہ شہبازشریف، ’’میاں صاحب تسی گریٹ او‘‘ایک پائی دیئے بغیر رقم بھی ملی ...

لاہور(جنرل رپورٹر) ایوان وزیراعلیٰ میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی تقریب کے دوران ان سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے بھی اظہار خیال کیا جن کی شکایات کا ازالہ کمیشن نے کیا ہے۔ ہانگ کانگ میں مقیم ریٹائرڈ پولیس افسر ضیاء حسین شیخ نے بتایا کہ میں نے جگہ خریدی لیکن جنہیں پیسے دیئے وہ غائب ہو گئے۔ جب مجھے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے قیام کا علم ہوا تو میں نے کمیشن کو درخواست دی۔ پولیس نے متعلقہ افراد کو 2 روز میں پکڑا اور مجھے میری رقم واپس ملی جس پر میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ امریکہ کے شہر شکاگو میں مقیم علی حیدر ملک نے کہا کہ میرے والد شیخوپورہ کے رہنے والے تھے، ہمارے ساتھ فراڈ ہوا اور میں کئی بار پاکستان آیا لیکن کچھ نہ ہوا اور دھکے کھاتا ہوا واپس امریکہ چلا گیا۔ آخر تنگ آ کر میں نے فیصلہ کیا کہ کبھی پاکستان نہیں جاؤں گا لیکن جب اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے اوورسیز کمیشن پنجاب بنا تو میں نے درخواست دی اور میرے ایک کروڑ 27 لاکھ روپے 30 روز میں واپس ملے ہیں۔ اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں امریکہ نہیں جاؤں گا اور پاکستان میں ہی رہوں گا۔ علی حیدر نے بتایا کہ میں نے اتنی بڑی رقم کی ریکوری کیلئے کسی کو ایک پائی تک نہیں دی۔ صرف مٹھائی اور گلاب جامن کھلائے ہیں۔ میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سعودی عرب میں مقیم خاتون نسیم محمود نے کہا کہ 9 برس قبل میں نے ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر لیا اور تمام ادائیگی کے باوجود گھر کا قبضہ نہیں دیا گیا۔ میں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کو فون کیا اور تمام ثبوت دیئے اور میرا یہ مسئلہ اس کمیشن نے 3 ماہ میں حل کر دیا ہے اور اب میں اسی گھر میں شفٹ ہو چکی ہوں جس کیلئے میں نے 9 برس دھکے کھائے۔ اس پر میں شہبازشریف کو کہتی ہوں ’’میاں صاحب! تسی گریٹ او‘‘۔ خاتون نے بتایا کہ مجھے یہ گھر پرانے ریٹ پر ملا ہے اور میں نے کسی کو ایک روپیہ بھی رشوت کے طور پر نہیں دیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف صاحب آپ کا بہت بہت شکریہ۔

شکریہ شہبازشریف

مزید : صفحہ آخر


loading...