کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید کی پہلی برسی کے موقع پر قرآن خوانی

کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید کی پہلی برسی کے موقع پر قرآن خوانی

لاہور(جنرل رپورٹر، کرا ئم ر پو رٹر ) سابق صوبائی وزیر کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید کی پہلی برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور دعاکا انعقاد ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ، صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، تنویز اسلم ملک، چوہدری شیر علی ، شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے ایم پی اے جہانگیر خانزادہ ، مشیر خواجہ سلمان رفیق ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلی سول و پولیس حکام نے شرکت کی۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ شجاع خانزادہ شہید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور وطن عزیز پر جان نچھاور کی ہے ۔وہ اگر چہ دنیا میں موجود نہیں لیکن ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرنل شجاع خانزادہ شہید نے بہادری اور جرأت کی شاندار مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

شہید وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی برسی کے موقع پر سی سی پی او لاہور کے دفتر کی مسجد اور پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ کی مسجد میں دعائیہ محفلیں منعقد ہوئیں جن میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خانی کی گئی۔ سی سی پی او آفس کی مسجد میں دعائیہ محفل میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونیوالی دعائیہ تقریب میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشاق سکھیرا اور ایس پی سی آئی اے راجہ بشارت سمیت دیگر افسران نے شمولیت کی۔ اس موقع پر سی سی پی او نے کہا کہ شہید کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم کسی صورت دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے ایجنڈے پر کام کرنے والوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے اور ملک و ملت کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس شہید وزیر داخلہ پنجاب کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے شہر میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردوں کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں ہر قربانی کے لیے تیار ہے اور اپنے فرائض جذبہ جہاد سے سر شار ہو کر ادا کر رہی ہے۔

کرنل(ر) شجاع خانزادہ

مزید : صفحہ آخر