آبی گزرگاہوں کے راستوں سے تجاوزات ہٹائی جائیں،خواجہ آصف

آبی گزرگاہوں کے راستوں سے تجاوزات ہٹائی جائیں،خواجہ آصف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے فیڈرل فلڈ کمیشن ( ایف ایف سی)کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور 51ویں سالانہ اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران تمام متعلقہ شراکت داروں نے وزیر کو موجودہ صورتحال اور سیلاب آنے کی صورت میں ممکنہ حالات وواقعات سے ہونے والے سیلاب کے ممکنہ نقصان کے اثرات میں کمی لانے کے اقدامات بارے بریف کیا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمدآصف نے سیلاب کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور صوبائی حکومتوں اور وفاقی سطح اختیار کی جانے والی حکمت عملی کو سراہا اورسیلاب اور شدید بارشوں کے دوران میڈیا کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔ محکمہ موسمیات نے اجلاس کو بتایاکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کی تھی کہ موسم برسات کے دوران اگست اور ستمبر میں ملک بھر میں معمول سے کچھ ذیادہ بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دریاؤں کے کناروں اور آبی گزرگاہوں کے راستوں سے تجاوزات ہٹائی جائیں تاکہ پانی کا بہاؤ آسانی سے ہوسکے۔اس کے علاوہ انہوں نے راولپنڈی،ملتان، سیالکوٹ، لاہوراور فیصل آباد کے نیم شہری علاقوں میں سے گزرنے والے نالوں کی صفائی کی ضرورت پر زوردیا۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات اور واپڈا پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید بہتر بنائیں بروقت پیشگی اطلاع سے جانی اور مالی نقصان سے بچاجاسکتاہے۔خواجہ آصف نے متعلقہ حکام کو مستعد اور چوکس رہنے کی بھی ہدایت کی ۔وفاقی وزیر نے صوبائی اور وفاقی اداروں کے مابین مناسب رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زوردیا تاکہ سیلاب کی مینجمنٹ بہتر کی جاسکے۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...