اپوزیشن جمارتیں تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، پرویز خٹک

اپوزیشن جمارتیں تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، پرویز خٹک

 نوشہرہ (بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اوراسی وجہ سے وہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے خلاف غلط اورمنفی پروپیگنڈہ کرکے خو د کوسیاسی طورپر زندہ کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ مگر ان کواپنی حیثیت کااندازہ آنے والے عام انتخابات میں لگ جائے گا۔ اپوزیشن کے منفی پروپیگنڈہ کے باجوود صوبہ بھرسے لوگ جو ق دور جوق تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ کیونکہ عوام کا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی حکومت پر بھرپور اعتماد ہے۔وہ نوشہرہ میں اے ایس سی کالونی بدرشی، اضاخیل بالا، پیر پیائی اورپبی میں جلسوں سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ایم پی اے اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی و منصوبہ بندی میاں خلیق الرحمن، تحصیل ناظم نوشہرہ رضا اللہ خان، تحصیل ناظم پبی میاں مرتضیٰ ،ضلع نائب ناظم اشفاق احمد خان، ممبر ضلع کونسلر اشفاق خان کاکو بھی موجود تھے۔پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے میں غریب عوام کی حالت زار بہتر بنانے اور غریب عوام کی عزت نفس بحال کرنے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت غریب عوام کو صحت ،تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولیت دے رہی ہے۔ جس کی وجہ سے آج خیبرپختونخوا کے عوام صوبے میں تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔ بیورو کریسی اور عوام میں دوریاں ختم کرکے صوبے سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا ہے صوبے کی ہر دینی اور سیاسی جماعت کے کارکن جو ق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے اور جو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد کامظہر ہے۔ صوبے میں انصاف اور میرٹ کا بول بالا کردیا ہے۔صوبے میں یکساں ترقیاتی کاموں پر عمل جاری ہے۔ مخالفین کے پاس ہمارے خلاف کہنے کو کچھ نہیں۔ عوام باشعور ہیں کھرے اور کھوٹے کی تمیز کرسکتے ہیں چوروں لیٹروں کو احتساب ریلی سے اپنی حیثیت کااندازہ لگ چکا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری حکومت حقیقی معنوں میں تعلیم صحت اوربنیادی ضروریات کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔اے ایس سی کالونی میں سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر انہان الدین خٹک نے اپنے پورے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ پرویز خٹک ہی واحد شخصیت ہیں جو علاقے کے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ پرویز خٹک نے انہان الدین خٹک اوران کے خاندان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ اور ایک ساتھ علاقے کی خدمت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا اضاخیل بالا میں عیسٰی خیل قوم کے سربراہ حاجی غضنفر علی خان، عاطف اقبال، ملک محمد اقبال،فخر عالم حسن خان،توقیر خان نے اپنے پورے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ایم ایل این اور جماعت اسلامی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اور کہا کہ انھوں نے سوچ سمجھ کریہ فیصلہ کیا انہوں نے پرویز خٹک اور عمران خان کی قیاد ت پر اعتماد کااعلان کیا۔ پرویز خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں ۔ علاقے کے عوام نے شدید بارش اور طوفان کے باوجود جلسے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع ناظم لیاقت خان ، تحصیل ناظم رضا اللہ خان تاج بادشاہ نے بھی خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے عیسٰی خیل قوم کے سربراہ غضنفر خان اور انکے ساتھیوں اور خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت کونیک شگون قرار دیا اور کہا کہ تحریک انصاف میں ان کوان کا جائز مقام دیا جاے گاوزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ پچاس برسوں سے حکمران ٹولہ اس ملک کے وسائل بے دردی سے لوٹ رہا ہے۔ سابقہ حکومتوں میں کرپشن کمیشن کے سارے ریکارڈ توڑے گئے۔ تقرریوں اور تبادلوں پر سرعام بولیاں ہوتی رہی اورحکمران ٹولہ اپنے اثاثے سوئیٹرز لینڈ برطانیہ اورامریکی بینکوں میں منتقل کررہا تھا اب ان کااحتساب ہوگا۔ نواز شریف احتساب سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں اوروہ اتنا بھی نہیں بتاسکتے کہ انھوں نے فلیٹس کہاں سے خریدے اور بیرون ملک کتنے اثاثے منتقل کیے یہ دولت کہاں سے آئی۔ اب ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھالنے کا دور ختم ہوچکا ہے انہیں احتساب کیلئے خود کو پیش کرنا ہو گا۔بعدازں وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک ضلع ناطم لیاقت خان خٹک اور ایم این اے عمران خان خٹک کے ہمراہ ڈھیری کٹی خیل گئے۔ او ر جنرل کونسلر امداد خان خٹک،اسسٹنٹ کلکٹر عابدعلی خان، عمران خان سے ان کے ماموں قاسم خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اورمرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دُعاکی اورکچھ دیر غمزدہ خاندان کے پاس رہے۔

پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سی پیک کے تناظر میں شروع کئے جانے والے منصوبوں سمیت سیاحت، صنعت ، توانائی، ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مراعات پیش کر رہی ہے۔خیبر پختونخوا اور ایران کے درمیان مستقبل میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کوبھی فاسٹ ٹریک پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے گفتگو کر رہے تھے۔ قونصل جنرل ایران اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات ، صوبائی حکومت اور ایران کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت صوبے کے تمام شعبوں میں نظر آنے والی تبدیلی لائی ہے۔ سرمایہ کاری کے لئے فضا سازگار بنا دی گئی ہے۔ جبکہ صوبے میں صنعتوں کے فروغ اور کارخانوں کے قیام کے لئے ایک با اختیار کمپنی بنائی گئی ہے۔ موجودہ حکومت اپنی صنعتی پالیسی کے تحت مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ون ونڈو آپریشن کی سہولت اور پر کشش مراعات دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت اور سرمایہ کار کمپنیوں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں پاک۔ چین اور ایران کے باہمی تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کیا اور خطے میں پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کو انتہائی اہم منصوبہ قرار دیا۔ مہدی ہنردوست نے ہائیڈل، ہاؤسنگ ، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت اور دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت اور تعلقات کے فروغ کے لئے معلومات کے تبادلے اور روابط کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول