نئی نسل وطن کی سلامتی و استحکام کیلئے جدوجہد کا عزم کرے،میاں جمشید الدین

نئی نسل وطن کی سلامتی و استحکام کیلئے جدوجہد کا عزم کرے،میاں جمشید الدین

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکاٹیکس کنڑول میاں جمشید الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ جشن آزادی منانے کا بنیادی اور اہم مقصد نئی نسل کو پاکستان کے حصول کیلئے اپنے آبا و اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جوش و جذبے اور نئے ولولے کے ساتھ ملک کی حفاظت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں جمشید الدین نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں آزادی کے حصول کیلئے چلنے وا لی تحریکوں سے وہاں کے لوگوں کے حالات دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہو گاکہ پاکستان حاصل کرنے کیلئے کتنی قیمتی جانوں نے اپنی زندگیوں کے نذرانے پیش کئے ہونگے لیکن افسوس ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد اس ملک کو قابل فخر سیاسی قیادت میسر نہ آسکی جس کی وجہ سے ملک اتنا ترقی نہ کر سکا جتنی ترقی دیگر ممالک نے کی ہے۔صوبائی وزیر نے نوجوان نسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہے لہذا وہ اپنا مستقبل تابناک بنانے کیلئے اپنے ملک کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...