وفاق ملاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرے،مظفر سید

وفاق ملاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرے،مظفر سید

پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرے جسکی بدولت انکی حکومت اور پارٹی دونوں کی ساکھ بہتر ہو گی نیز واضح کیا ہے کہ وزیراعظم اور وفاقی وزراء کے دورہ ملاکنڈ کی ہمیں قدرتی آفات کے موقع پر نہیں بلکہ آج ہی اشد ضرورت ہے اور ہم انہیں اس وورے کی کھلے دل سے دعوت بھی دیتے ہیں کیونکہ کسٹم ایکٹ کا ظالمانہ فیصلہ واپس لینے کے بعد وفاق کو یہاں کی پسماندگی کا بھی بخوبی اندازہ ہو گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سول سیکرڑیٹ پشاور میں دیر پائیں کے ضلعی کونسلر شہزاد کھوکھر مسیح اور تحصیل کونسلر بلامبٹ وقار مجید مسیح کی معیت میں ملاکنڈ کے نمائندہ اقلیتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے ملاکنڈ ڈویژن میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل، اقلیتی فلا ح و بہبود، روزگار کی فراہمی اور دیگر متعلقہ اُمور پر ان سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا وفد نے کسٹم ایکٹ کی کھل کر مخالفت پر مظفر سید ایڈوکیٹ اور انکی جماعت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اپیل کی کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ملاکنڈ کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں جس میں جماعت اسلامی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے وزیر خزانہ نے وفد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں ہمارے قومی وجود کا اہم جز ہیں اورملکی تعمیر و ترقی میں اُن کا کردار ناقابل فراموش ہے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ انکی جان و مال اور حقوق کا تحفظ ہمارا آئینی، مذہبی اور قومی فریضہ ہے اور جس کی بطریق احسن ادائیگی میں ہماری حکومت اور پارٹی دونوں سطح پر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی انہوں نے واضح کیا کہ انکی اتحادی حکومت شروع دن سے ملاکنڈ کے ترقیاتی پیکیج پر کاربند ہے تعلیم، صحت، پن بجلی، آبپاشی و آبنوشی، مواصلات اور دیگر تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں سوات ایکسپریس موٹر وے کا افتتاح اس کا تازہ ثبوت ہے جسکی بدولت پورے ملاکنڈ میں مواصلات، سیاحت اور صنعت و معیشت میں انقلاب بپا ہو گا انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو بھی فرض اولین سمجھتی ہے ہم نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹے میں سو فیصد اضافہ کیا ہے اب سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹہ ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر تین فیصد کیا ہے ہم نے پہلے بھی بر سر اقتدار آنے کے ساتھ ہی سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص ایک فیصد کوٹے میں پچاس فیصد اضافہ کرکے ڈیڑھ فیصد کر دیا تھا اسی طرح ہر ضلع میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مائنارٹی ویلفئیر آفیسر کی تعیناتی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ضلعی اقلیتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اقلیتوں کے مسائل اقلیتی نمائندوں اور اقلیتی ملازمین کے توسط سے رابطوں کے ذریعے حل ہوں ہم نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے الگ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جس کی پیش کردہ جامع سفارشات پر عمل بھی یقینی بنایا جارہا ہے ہم اقلیتی اُمور کی الگ نظامت کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اُنہوں نے یقین دلایا کہ اُنکی حکومت اقلیتی عباد ت خانوں کی تعمیر و مرمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہماری حکومت نے صوبے میں حساس مقامات کے تحفظ کے تحت ایسا قانون اور نظام متعارف کیا ہے جس میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کی جان و مال اور عبادت خانوں کا تحفظ یقینی بنایا گیا، اقلیتوں کو برابر کے حقوق ملے، اُنکے مسائل خود کار انداز میں حل ہوں گے اور اُنہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم انہوں نے کہا کہ ایسا تب ممکن ہے جب ہم ماضی کے فرسودہ نظام کی یادگار برائیوں رشوت، کمیشن، سفارش اور ناانصافی کا خاتمہ کرکے معاشرے میں میرٹ اور قانون و انصاف کی بالا دستی کو یقینی بنائیں جس پر صوبے کی موجودہ حکومت شروع دن سے کام کر رہی ہے اُنہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ حکومت سب کو سرکاری ملازمتیں مہیا کرے اسلئے ہم صوبے میں صنعتوں کے فروغ اورملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مصروف ہیں اور اس مقصد کیلئے موثر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مختلف شعبوں میں اپنے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں وفد نے اقلیتوں کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو اقلیتی برادری کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...