کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کیلئے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ، عنایت اللہ

کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کیلئے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ، عنایت ...

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ صوبائی مخلوط حکومت صوبے میں کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھارہی ہے خاص کر تحصیلوں کی سطح پر جدید تقاضوں کے مطابق کھیلوں کے گراؤنڈ تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو تفریحی سہولیات کے علاوہ مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع مقامی سطح پر بھی میسر آسکیں۔یہ بات انہوں نے دیر بالا میں منعقدہ جشن آزادی فیسٹیول کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اﷲ، تحصیل ناظم دیر بالا میر محزن الدین،ڈپٹی کمشنر محمد عثمان اور معززین علاقہ سمیت کثیر تعداد میں کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ،والی بال، رسہ کشی ،کراٹے ودیگر گیمز شامل تھیں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت صوبے میں صحت ،تعلیم کھیل و ثقافت اور سماجی بہبود کے علاوہ دیگر شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لارہی ہے جس سے لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں اثرات مرتب ہونگے۔عنایت اﷲ نے کہا کہ صوبے میں قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں تمام قیمتی وسائل موجود ہیں جن میں گیس، پیٹرول، بجلی ،پانی،سونا،تانبا وغیر شامل ہیں اور صوبے میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کی گنجائش کے علاوہ تعلیم یافتہ نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت بھی موجود ہے لہذ ا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ نوجوان کل کا روشن مستقبل ثابت ہو سکیں۔سینئر صوبائی وزیر نے آزادی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور ہم سب کو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور انداز میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔۔۔۔۔

مزید : پشاورصفحہ آخر