پلئی کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد،عوامی مسائل کے انبار

پلئی کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد،عوامی مسائل کے انبار

پشاور( پاکستان نیوز)ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت مالاکنڈ نے مشترکہ طور پر دور افتادہ علاقہ پلئی کے مقام پر منگل کے روز کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر ضلعی ناظم سید احمد علی شاہ ، ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ مالاکنڈ لیویز خائستہ رحمٰن ، ضلعی نائب ناظم کرنل (ر) ابرار حسین اور ناظمین و کونسلروں کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہوں ، صحافیوں اور علاقے کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی عوام کی طرف سے مختلف علاقائی ، سماجی مسائل سمیت سرکاری محکموں کی کارکردگی سے متعلق لاتعداد شکایات سامنے لائی گئیں۔ اکثر مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے گئے جبکہ بعض مسائل کے بارے میں تفصیلی تحقیقات اور ان کے دیر پا حل کے لئے متعلقہ محکموں کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کر نے کی ہدایت کی گئی ۔ عوام کی طرف سے زیادہ تر مسائل محکمہ صحت ، تعلیم ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، زراعت، آبپاشی ، زکواۃ، بجلی ، لائیوسٹاک ، سی اینڈ ڈبلیو اور ٹی ایم اے کے بارے میں پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ امن و امان ، منشیات کی روک تھام اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور حکومت سے تعاون کرے تاکہ عوامی مسائل کے بروقت حل ، ترقیاتی منصوبوں کی تیزتر تکمیل اور بہتر امن وامان کی صورت حال قائم ہوسکے ۔ ضلعی ناظم سید احمد علی شاہ نے عوام کو یقین دلایا کہ سرکاری وسائل کو عوامی مفادات کے لیے بروقت بروئے کار لایا جائے گا اور عوامی نمائندے کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے اقدام اٹھاتے وقت عوام اور علاقے کے مفادات کو مد نظر رکھیں گے۔ تقریب کے شرکاء نے ضلعی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ان کے مسائل سننے کے لئے ان ہی کی دہلیز پر آنے کے اقدام کو بہت سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل ہونگے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...