بھارت میں مجبور خاتون پر ہجوم کا سرعام تشدد، بال کاٹ ڈالے
جے پور (ویب ڈیسک) دنیا میں سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار بھارت کی ریاست راجستھان میں بھارتی یوم آزادی کے موقع پر ایک خاتون کو لوگوں نے سرعام تشدد کا نشانہ بنا کر درخت سے باندھ دیا اور اس کے بال کاٹ دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع اجمیر کے گاﺅں میں دیہاتیوں نے کئی افراد سے جسمانی تعلقات کے الزام میں ایک خاتون کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہجوم جن میں گاﺅں کی عورتیں بھی شامل تھیں نے خاتون کو اس کے گھر سے زبردستی باہر نکالا اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد درخت سے باندھ دیا جہاں اس کے بال بھی کاٹ دیئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خاتون کا شوہر اسے چھوڑ کر جا چکا ہے اور وہ اپنے دو بچوں کے ہمراہ مذکورہ گاﺅں میں رہائش پذیر ہے۔
خیال رہے کہ واقعہ سے قبل خاتون کا کوئی پڑوسی مذکورہ الزامات سے واقف نہیں تھا۔ یاد رہے کہ خاتون پر تشدد کے خلاف مقامی تھانے میں شکایت بھی کی گئی جس پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تاہم گاﺅں والوں کو خاتون پر تشدد سے نہیں روکا اور نہ ہی خاتون کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے گئے تاہم بعد میں میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا۔