نام نہاد غیرت کے نام پر 2 بیویاں قتل کرنے والا ملزم گرفتار
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) غیرت کے نام پر اپنی دوسری بیوی کو قتل کرنے والا شخص ہی اپنی پہلی بیوی کا بھی قاتل نکلا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹروول سائٹ کے علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب رحیم داد نامی شخص نے غیرت کے نام پر اپنی دوسری بیوی فوزیہ کو تیز دھار آلے سے قتل کیا ۔ قتل کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے تھانے منتقل کردیا۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرلیا اور بتایا کہ اسے اپنی بیوی کے چال چلن پر شک تھا اور اس حوالے سے پولیس کو تھانے میں درخواست بھی جمع کراچکا تھا ۔ بیوی کی جانب سے مشکوک حرکتیں جاری رہنے پر تیز دھار آلے سے قتل کیا۔
کینیڈا میں بنگالی ٹیکسی ڈرائیور نے پاکستانی خواتین کی پٹائی کردی، وجہ ایسی کہ آپ کو بھی شدید غصہ آئے گا
دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوسری بیوی کو شک کی بنا پر قتل کیا جبکہ اس سے قبل اس نے جیکب آباد میں بھی اپنی پہلی بیوی کو قتل کیا تھا جس کے جرم میں 14 سال قید کاٹ چکا ہے۔ مقتولہ فوزیہ سے ملزم کی گیارہ سال قبل شادی ہوئی تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے لواحقین کی جانب سے اگر اندراج مقدمہ کی درخواست نہ دی گئی تو سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔