پاکستان انٹرنیشنل سکول میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک رنگا رنگ تقریب

پاکستان انٹرنیشنل سکول میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک رنگا رنگ تقریب
 پاکستان انٹرنیشنل سکول میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک رنگا رنگ تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، سکول کو قومی پرچموں سے آراستہ کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعدازاں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے احترام میں شہید بینظیر بھٹو ہال میں موجود0 300 سے زائد مہمان کھڑے ہوگئے۔

اس موقع پر سکول کے پرنسپل عدنان ناصر نے اپنے خطاب میں شرکت کے لئے آنے والے معززین مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کو یوم آزادی کی خوشیوں میں شرکت کے موقع پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ یہ وہ دن ہے جب ہمیں ناانصافی، نفرت، تنگ نظری نیز جبر سے آزادی نصیب ہوئی۔ یہ ہمارے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ یہ ایک تاریخ ساز دن ہے، یہ کامیابیوں اور آزادی کا دن ہے مگر اس کے ساتھ ہی یہ ہمیں آزادی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کی یاد بھی دلاتا ہے۔ یہ ملک ہمیں اتفاقاً نہیں ملا بلکہ اس کے لئے جرأت و بہادری کی ان گنت داستانیں رقم کی گئیں، بے شمار دل سوز و دل گزراواقعات سے اس کی بنیادوں کو سرایب کیا گیا، کتنے ہی باپ، بیٹوں، ماﺅں اور بہنوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے تب جاکر کہیں یہ وطن حاصل ہوا۔ انہوں نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ وطن کسی نسل ، زبان یا سیاسی بنیاد پر قائم نہیں ہوا بلکہ اسے مذہب اور عقیدے کی آزادی کے نام پر حاصل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ آج ہمارا وطن ایک مرتبہ پھر آزادی کی دہائی دے رہا ہے مگر اس مرتبہ یہ جانوں کی قربانی طلب نہیں کررہا بلکہ یہ انفرادی سطح پر خود مختاری کے احیاءکے لئے ہم سے ہماری توجہ اور ایماندارانہ لگن خدمات طلب کررہا ہے۔

عدنان ناصر نے کہا کہ مجھے دلی خوشی ہے کہ ہماری نوجوان نسل وطن عزیز کے تئیں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، وہ دن دور نہیں جب ہمارا سبز و سفیر ہلالی پرچم جغرافیائی سرحدوں پر سب سے سربند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ ہماری نوجوان نسل ہم سے بہتر ہے وہ ہم سے زیادہ محبت وطن متحرک اور پرعزم ہیں، وہ اپنے وطن کو ترقی کے بام عروج پر لے جانے کے لئے بے تاب ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ہمارا ملک مثالی کامیابیاں حاصل کرے، اللہ کریم ہمارے وطن کو ہر قسم کے دشمنوں کی نظر بد سے محفوظ رکھے اور ہماری پاک سرزمین دنیا بھر کے لئے امن و اتحاد کا گہوارہ بن جائے۔ بعدازاں پرنسپل نے کیمبرج، آئی جی سی ایس ای اور اے لیول میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے طلبہ کو سٹیج پر بلا کر داد تحسین سے نوازا اور ان کے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم دے کر یہ پیغام دیا کہ پاکستان کا مستقبل ان جیسے ذہین طلبہ کے ہاتھوں میں انتہائی تابناک اور روشن ہے۔ اس مرحلے پر جونیئر، مڈل اور سینئر سکول کے طلبہ نے ملی نغموں ”جیوے پاکستان“ جسے مس فوزیہ وسیم اور مس ارم عطیہ نے ترتیب دیا تھا، ”ہم پاکستانی“ جسے مس مونا عزیز اور نوین اسد نے ترتیب دیا تھا اور ”جذبہ“ جسے سمیرہ ریاض نے ترتیب دیا تھاپر اپنی بہترین پرفارمنس پیش کرکے داد تحسین وصول کی اور یہ ثابت کردیا کہ دیار غیر میں لینے والے پاکستانی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور ان کے دل بھی قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

سکول کے طلبہ وطالبات جن میں تحریم، ماریہ، سہیل اور مراد اسلم نے خوبصورت انداز اور الفاظ میں اپنے جذبہ حب الوطنی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک یا دو دن کی کوششوں سے نہیں بلکہ سالہاسال کی قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ قائداعظم کی رہنمائی میں مسلمانوں نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے انتھک محنت کی۔ انہوں نے زور دیتے ہو ئے کہا کہ بطور پاکستانی ہمیں امان، اتحاد اور تنظم پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ اپنے وطن میں ہونے والی ترقی اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح نوجوان نسل ملک و قوم کی ترقی میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر سینئر سکول کے طالبعلم محمد فراز نے ملی نغمہ ”شکریہ پاکستان“ سنا کر حاضرین کی داد وصول کی جبکہ مقامی گلوکار شہزاد خان نے بھی قومی نغمہ پیش کیا۔ سکول میں چھٹیوں کے باوجود جس بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کرکے یہ ثابت کیا کہ ہم زندہ قوم ہیں۔

تقریب میں اساتذہ، صحافی، پاکستانی کمیونٹی کےا راکین، سکول منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قریشی نے دوسرے اراکین کے ساتھ شرکت کی جبکہ پاکستان سکول عزیزیہ کے پرنسپل محمد بلال بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل عدنان ناصر نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد طلبہ وطالبات میں اس دن کی اہمیت اجاگر کرنا ہے اور پاکستانی کمیونٹی کو اپنا قومی دن شایان شان طریقے سے منانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

مزید :

عرب دنیا -