پاکستان کی 5کمپنیاں فوربز کی ایک ارب ڈالر سے کم اثاثوں کی فہرست میں شامل
اسلام آباد (آن لائن)پاکستان کی 5کمپنیاں عالمی شہرت یافتہ میگزین فوربز کی ایک ارب ڈالر سے کم اثاثے رکھنے والی کمپنیوں کی فہرست (انڈراے بلین لسٹ 2017) میں شامل ہوگئی۔پاکستانی کمپنیوں نے دنیابھر کی 200ایسی کمپنیوں میں اپنی جگہ بنالی ہے جو تیزی سے ترقی کررہی ہے اورجن کی وجہ سے مجموعی معیشیت پر اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔فوربز میگزین ہرسال گروتھ انجن کی حامل کمپنیوں کی فہرست شائع کرتی ہے۔رواں سال اس فہرست میں 13ممالک کی کمپنیوں نے اپنی جگہ بنالی ہے۔ایشیا اوربحرالکاہل کے خطے سے سب سے زیادہ چین اورہانگ کانگ کی کمپنیوں نے اس فہرست میں جگہ حاصل کی ہے۔فوربز کے مطابق فہرست میں شامل کمپنیاں سیلز میں 55فیصد، نفع کے مارجن میں 24فیصد اورفی حصص آمدنی کے لحاظ سے 113فیصد بڑھوتری کی حامل ہیں۔ان کمپنیوں کا انتخاب تین سالہ اوسط کارگردگی کی بنیاد پرکیا گیاہے۔پاکستان سے جو کمپنیاں اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں ان میں ایگری آٹوانڈسٹریز، چراٹ پیکجنگ، فیروزسنز لیبارٹریز، گندھارانڈسٹریزاور سرل کمپنی شامل ہیں۔گزشتہ سال اس فہرست میں 7پاکستانی کمپنیاں شامل تھیں۔#/s#