پی ایس بی کو 1سال بعد کھلاڑیوں کو انعامی رقم دینے کا یاد آگیا

پی ایس بی کو 1سال بعد کھلاڑیوں کو انعامی رقم دینے کا یاد آگیا

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایک سال سے انعامی رقم سے محروم ایشین بیچ گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،انعامی تقریب24اگست کو پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہوگی جس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے،مجموعی طور پر کھلاڑیوں کے مابین 31لاکھ پچاس ہزار کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس پانچویں ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ریسلنگ،کبڈی،جوجٹسو اور ہینڈبال میں سونے چاندی اور کانسی کے تمغے جیت کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا تھا۔حکومت کی پالیسی کے مطابق میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا جانا تھا لیکن افسوس کے ساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایک سال تک نقد انعامات دینے میں تاخیر کی جس بنا پر کھلاڑیوں کو افسردگی کا سامنا کرنا پڑا لیکن قریباً ایک سال بعد پاکستان سپورٹس بورڈ نے31 لاکھ پچاس ہزار روپے کے نقد انعامات کھلاڑیوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے24اگست کو پاکستان سپورٹس بورڈ میں تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ اور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کریں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس پانچواں ایشین بیچ گیمز24ستمبر 2016ء کو ویتنام میں منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان نے11میڈلز اپنے نام کئے تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی