پٹوار سرکل باغبانپورہ ، پرچہ رجسٹری قانون کی خلاف ورزی اور رشوت کی شکایات

پٹوار سرکل باغبانپورہ ، پرچہ رجسٹری قانون کی خلاف ورزی اور رشوت کی شکایات

لاہور(عامر بٹ سے)تحصیل شالیمار کے پٹوار سرکل باغبانپورہ میں رشوت وصولی ،کرپشن ،اختیارات کا ناجائز استعمال اور قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی معمول بن گئی،پرچہ رجسٹری قانون کو ہوا میں اڑا دیا گیا ،فرد کے اجراء اور انتقالات کی تصدیق کے لئے خلاف ضابطہ پیسے وصول کئے جانے لگے،شہریوں کی کثیر تعداد روزنامہ پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے سروے کے دوران پھٹ پڑی۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انتقالات کی پڑتال کروائی جائے ،اور پٹواری کی جانب سے بھجوائی جانے والی پرچہ رجسٹری رپورٹ کی باقاعدہ تصدیق کروائی جائے تو معلوم ہو گا کہ مذکورہ پٹواری انتقالات کے اندراج کرنے کی مد میں 2لاکھ 10ہزار روپے جبکہ فردوں کو جاری کرنے کی مد میں 1لاکھ 65ہزارروپے رشوت وصول کررہا ہے اس طرح اپنے ا نتقالات ،موقع نشاندہی، وراثت انتقال،زائد بیعہ نامہ،جاری کرنے فرد اور ڈگری کے انتقال کے حوالے سے بھی لاکھوں روپے ایک ماہ میں اکٹھے کررہا ہے ،مزید انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ پٹواری موضع باغبانپورہ میں بطور تعیناتی چار سال گزار چکا ہے مگر بنیادی ذمہ داری مکمل نہیں کی ،ریونیو ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹواری خود نہیں چاہتا کہ وہ جمع بندی مکمل کرے اور ریونیو ریکارڈ کی درستگی ہو ۔موضع بھگوان پورہ کے رہائشی محمد افضل ،خرم شہزاد،نسیم خان،افضل پٹھان ،کاشف ریاض سمیت دیگر کا کہنا ہے کہ مذکورہ پٹواری قذافی شاہ دین کو سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے شہریوں سے سرعام رشوت وصول کی جارہی ہے جبکہ مذکورہ پٹواری نے رشوت اکٹھی کرنے کے لئے اپنے ایک عزیز کو پٹوارخانے میں بٹھا رکھا ہے، محمد اشفاق ،خلیل ،وقاص،نور،اسماعیل اور دیگر نے آگاہی دی کہ پٹوار سرکل میں فریش رجسٹری کی مد میں کم و بیش 200سے زائد انتقال کا ماہانہ اندراج کیا جاتا ہے اور اس حوالے سے فی رجسٹری 3000سے 3500 روپے وصول کیا جارہا ہے جو کہ ماہانہ 7لاکھ روپے بنتا ہے اس طرح بیع کے لئے بھی 2500سے 3000 روپے وصولی کئے جا رہے ہیں۔ قربان علی،رانا ظاہر ،اکمل خان نے الزام عائد کیا کہ محکمانہ رپورٹ کروانی ہویا عدالتی رپورٹ ہو،کسی قسم کی نشاندہی ہو یا بنک لون وغیرہ کے حوالے سے ،غرض کسی بھی رپورٹ کے لئے پٹوار خانے میں موجود پرائیویٹ عملہ رشوت وصولی کر رہا ہے بجلی کا بل اور عمارت کا بیس ہزار کا کرایہ بھی اس رشو ت سے دیا جارہا ہے ۔

۔

مزید : میٹروپولیٹن 1