الخدمت فاؤنڈیشن نے عوامی خدمت کا بیڑا اٹھایا،ذکر اللہ مجاہد
لاہور ( سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے عوام کی خدمت کا بیڑا اُٹھا کر اُمت کے ذمہ فرض کفایہ ادا کررہی ہے ان خیالا ت گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے کور کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ،انجینئر خالد عثمان ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ، محسن بشیر و دیگر زمہ داران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں یتیموں ،بیواؤں کی کفالت غریبوں اور معذور افراد کی دیکھ بھال ، یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت ، معاشرے کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تعلیم و صحت کے اداروں کے قیام جیسا کام الخدمت فاؤنڈیشن کی تاریخ ساز خدمات ہیں جو کہ انسانی خدمت کی پہچان بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جماعت اسلامی کی فلاحی اور رفاہی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ شہر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے قائم کردہ اداروں اور پروجیکٹس سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں ۔ اس قوم کو دین اور اپنی تہذیب کی قربت سے ہی عروج مل سکتا ہے ۔ان خدمات اور جدوجہد کے نتیجے میں ایک اسلامی معاشرہ ہمارے پیش نظر اور فلاحی ریاست کا قیام ہے ۔