نوازشریف توہین عدالت کا سلسلہ بند کر دیں،بیگم مہناز رفیع

نوازشریف توہین عدالت کا سلسلہ بند کر دیں،بیگم مہناز رفیع

لاہور(لیڈی رپورٹر) سابق رکن قومی اسمبلی و تحریک انصاف کی رہنما بیگم مہناز رفیع نے کہا ہے کہ نواز شریف کبھی بھی انقلابی نہیں رہے اس لئے وہ انقلاب کی بات نہ کریں اور توہین عدالت کرنے کا سلسلہ بند کردیں ۔وہ گزشتہ ورز پاکستان سے گفتگو کررہی تھیں۔بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ جب نواز شریف اقتدار میں ہوتے ہیں تو لوٹ مار کرتے ہیں پوری دنیا میں کاروبار کرتے ہیں اور جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو پھر ایک دم سے انہیں قوم کا درد محسوس ہونے لگ جاتا ہے نواز شریف قومی اداروں کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ بند کریں۔

ایک سابق وزیراعظم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ قومی اداروں کے خلاف بات کریں ۔انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف نے جے آئی ٹی کے قیام کے وقت قوم سے خطاب کرتے وقت خود کہا تھا کہ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ اس کو قبول کریں گے تو پھر وہ اب کیوں سپریم کورٹ کے خلاف کھلم کھلا بیان بازی کررہے ہیں وہ کیوں اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں وہ اپنے طرز سیاست پر غور کریں اور تصادم کی سیاست سے گریز کریں یہی ان کے لئے اور ان کی جماعت کے لئے بہتر ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1