سعودی عرب ،جدہ کی تین تاریخی عمارتوں میں خوفناک آتشزدگی پر قابو پا لیا گیا

سعودی عرب ،جدہ کی تین تاریخی عمارتوں میں خوفناک آتشزدگی پر قابو پا لیا گیا

جدہ(آن لائن)سعودی عرب کے شہر جدہ میں تین تاریخی عمارتوں میں اچانک بھڑکنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ۔خبررساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز جدہ میں تین تاریخی عمارتوں کو اچانک آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاہم ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت کارروائی کرکے عمارتوں کو بڑے نقصان سے بچالیا۔مکہ مکرمہ میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ شہری دفاع کو جدہ کے وسط میں تین عمارتوں میں آتش زدگی کی اطلاع ملی تو اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لیے 10 ریسکیو ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران احتیاطا اطراف میں مقیم شہریوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔ تینوں عمارتوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ادھر جدہ میں محکمہ صحت کے ترجمان عبداللہ الغامدی نے بتایا کہ ایمرجنسی اور کرائسز سیل کے آپریشن کنٹرول روم کو شہرکی تین عمارتوں میں آتش زدگی کی اطلاع ملی جس پر فوری طور پر پانچ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ آتش زدگی کے بعد مقامی اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی تھی۔

جدہ بلدیہ کے میئر انجینیر سامی نوار نے بتایا کہ شہر میں تین تاریخی عمارتوں بیت القمصانی، بیت العشماوی اور بیت عبدالعال میں آتش زدگی کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کا شکار ہونے والی عمارتوں میں لوگ رہ رہے تھے تاہم انہیں بچالیا گیا ہے۔ سامی نوار کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے نتیجے میں بیت القمصانی کا ایک حصہ منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید : عالمی منظر