ڈونلڈ ٹرمپ نے 2اقتصادی مشاورتی کونسلیں تحلیل کر دیں
واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دو اقتصادی مشاورتی کونسلوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قبل ازیں ان میں شامل متعدد اہم ارکان نے صدر کے اس تبصرے پر احتجاجاً استعفے د یدئیے تھے جو انہوں نے ورجینیا کے شہر شارلٹز ویل میں سفید فام نسل پرست تنظیم کی ریلی میں تشدد کے بعد جاری کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ پیغام میں بتایا ہے کہ ’’مینوفیکچرنگ کونسل‘‘ اور ’’سٹیرٹیجی اینڈ پالیسی فورم‘‘ میں شامل کاروباری سربراہوں پر دباؤ ڈالنے کی بجائے میں نے ان تنظیموں کو ہی ختم کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ جنگ آزادی کے دور میں امریکن یونین کے ساتھ لڑنے والے کنفیڈریشن کے حامی جنرل رابرٹ لی کے مجسمے کو ہٹانے کے حق میں سفید فام نسل پرست تنظیم کا مظاہرہ پرتشدد ہوگیا تھا اور اس کے ایک حامی نے مخالفین پر اپنی گاڑی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں ایک عورت ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔یاد رہے صدر ٹرمپ نے اس نسلی فساد پر تبصرہ کرتے ہوئے سفید فام نسل پرستوں کی واضح مذمت کرنے کی بجائے اس کی ذمہ داری دونوں گروہوں پر ڈال دی تھی۔ انہوں نے سفید نسل پرست Supermacists اور ان کے مخالف Alt-Left دونوں کو ایک ہی سطح پر رکھنے کی کوشش کی تھی، جس پر متعدد اہم کمپنیوں کے سربراہوں نے احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ٹرمپ