مسلم لیگوں کے اتحاد میں پیش رفت ، غوث علی شاہ کی سربراہی میں 4رکنی رابطہ کمیٹی قائم

مسلم لیگوں کے اتحاد میں پیش رفت ، غوث علی شاہ کی سربراہی میں 4رکنی رابطہ ...

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے دورۂ کراچی میں مسلم لیگوں کے اتحاد میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ چودھری شجاعت حسین، مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا اور بزرگ مسلم لیگی رہنما سید غوث علی شاہ نے اتفاق رائے کے بعد چار رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی، سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے، مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکرٹری سردار رحیم بخش شامل ہیں جبکہ اس کے سربراہ سید غوث علی شاہ ہیں، کمیٹی تمام نظریاتی مسلم لیگیوں اور مسلم لیگوں سے رابطہ کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے طارق بشیر چیمہ کے ہمراہ کراچی پہنچنے کے بعد اپنی پارٹی کے صوبائی صدر اسد جونیجو اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں سید غوث علی شاہ سے اور پھر غوث علی شاہ کے ہمراہ پیر صاحب پگاڑا پیر صبغت اللہ شاہ سے ملاقات کی۔ پیر صاحب پگاڑا نے چودھری شجاعت حسین اور تمام دیگر رہنماؤں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ چودھری شجاعت حسین کے جذبات کی دلی طور پر قدر کرتے اور اتحاد کیلئے ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے طارق بشیر چیمہ، اسد جونیجو اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ سید غوث علی شاہ سے ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگیوں کو پاکستان مسلم لیگ کے نام اور پلیٹ فارم پر ہی اکٹھا کیا جائے گا، دیگر جماعتوں، پیپلزپارٹی میں جو مسلم لیگی بیٹھے ہیں اورن لیگ میں جو اچھے لوگ ہیں ان سے بھی بات کریں گے، نوازشریف اورشہبازشریف سے بات کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے اصل مسلم لیگیوں کو تو اکٹھا کرنے دیں۔ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ چودھری شجات حسین سے ملاقات میں ہمارا تمام باتوں پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔ مسلم لیگیوں کے اتحاد کیلئے چودھری شجاعت حسین کی کوششوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مسلم لیگیوں کے اکٹھا ہونے سے عوامی خدمت کی ایک بڑی جماعت بن جائے گی۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویزمشرف سے بھی میڈیا کہے گا تو رابطہ کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ واحد خالق جماعت ہے جس نے پاکستان بنایا تھا نوازشریف بار بار کہتے ہیں کہ سازشیں ہو رہی ہیں آخر نوازشریف کیوں نہیں بتاتے کہ کون سازشیں کر رہا ہے، نوازشریف نے ریلی ضرور نکالی لیکن وہ بھرپور نہیں تھی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال تو اللہ کی طرف سے ہے، بے گناہ خواتین اور بزرگوں کو دن دیہاڑے گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ کراچی میں امن کا قیام پاک فوج کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

پیش رفت

مزید : علاقائی