شریف خاندان کے خلاف ریفرنس میں تاخیرتشویشناک ہے،عارف علوی

شریف خاندان کے خلاف ریفرنس میں تاخیرتشویشناک ہے،عارف علوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کرپشن کا دوسرا نام ہیں ۔ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں تاخیر پوری قوم کے لئے باعث تشویش ہے ۔ اس وقت پوری قوم کی نظریں نیب ریفرنسز پر لگی ہوئی ہیں کہ کب نواز شریف اور ان کا خاندان اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل ہونگے۔ ن لیگ کے جی ٹی روڈ کا ڈرامہ در اصل اپنی چوری چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ چور حکمرانوں نے پوری دنیا میں پاکستانی قوم کی ناک کٹوا دی ہے۔ اب دنیا کو پتہ چل گیا کہ شریف خاندان شرافت کے لبادے میں سب سے بڑے چور تھے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس ‘‘ کراچی میں سکھر ریجن کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر آغا ارسلان ، دیوان سچل، الیاس شیخ ، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے بعد اب اگلی باری زرداری کی ہے۔ سندھ کے وسائل لوٹنے والوں کا بچنا اب مشکل ہوگا۔ سندھ کے عوام کو کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ آج بھی کراچی سے لے کر گھوٹکی تک پورے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم ہے ۔ زرداری گروپ دونوں ہاتھوں سے سندھ کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں ۔ اندرون سندھ میں صحت اور تعلیم کا نا م و نشان نہیں ہے۔ سندھ کے عوام کو اس کرپٹ ٹولے سے جان چھڑانے کے لئے چیئرمین عمران خان کاساتھ دینا ہوگا۔ 25اگست کو سکھر شہر میں ہونے والا جلسہ زرداری گروپ کی سیاست کے تابوت پر آخری کیل ثابت ہوگا ۔آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ساتھ سندھ میں شکست پیپلز پارٹی کا مقدر بن چکی ہے۔ سندھ کے نوجوان اس کرپٹ ٹولے کو مزید برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں اور بہت جلد سندھ میں بھی انصاف کا سورج طلوع ہوگا ۔

مزید : علاقائی