بیرونی فنڈنگ ، الیکشن کمیشن ،سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر ینگے، پی ٹی آئی

بیرونی فنڈنگ ، الیکشن کمیشن ،سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر ینگے، پی ٹی آئی

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی جماعتوں کو ملنے والی بیرونی فنڈنگ کی تفصیلات منظر عام پر لانے کیلئے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس غیر ملکی پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے تمام فنڈز کا مکمل ریکارڈ موجود ہے امریکہ سے جو فنڈز پارٹی کو ملے ہیں اس کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرائی جاچکی ہیں۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی تھی کہ پارٹی کے خلاف بیرونی فنڈنگ کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلے تک ملتوی کردی جائے جو مسترد کردی گئی ہے۔ انصاف کی بات یہ ہے کہ صرف تحریک انصاف سے بیرونی فنڈز کی تفصیلات نہ لی جائیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی تفصیلات مانگی جائیں جو اس وقت نہیں مانگی جا رہیں لہٰذا تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں کو بیرون ممالک سے ملنے والی فنڈنگ کی تفصیلات منظرعام پر لانے کیلئے الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کا کیس کرنے والے اکبر ایس بابر مسلم لیگ(ن) کے ٹکڑوں پر پل رہے ہیں اور انہی کے اشاروں پر تحریک انصاف کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے حکمرانوں کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے بعد سے حکمران جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور تحریک انصاف کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات دائر کر رہی ہے مگر یہ ان کی بھول ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پوری دنیا سے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کیلئے فنڈز ملتے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر