سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری کمیشن رپورٹ عدالتی حکم پر شائع کی جائے گی : رانا ثنا ء اللہ

سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری کمیشن رپورٹ عدالتی حکم پر شائع کی جائے گی : رانا ثنا ...

لاہور ( ما نیٹر نگ ڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون انکوائری کمیشن کی رپورٹ عدالتی حکم پرپبلک کی جائے گی،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عدالت میں بیان کئے گئے حقائق کو عوامی تحریک ثابت نہیں کرسکی ، طاہر القادری چوکوں اور چوراہوں میں اشتعال انگیز تقاریر اور حقائق کے برخلاف بیانات دے رہے ہیں ، پنجاب حکومت نے طاہر القادری کو پیشکش کی تھی کہ وہ مسجد یا عوامی تحریک کے مرکز میں قائم گوشہ درود رکھ لیں اس میں ہم بھی آجاتے ہیں اور عوامی تحریک کا وفد بھی آجائے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر آپ بھی اصل حقائق بیان کریں اور ہم بھی اپنا بیان دیں گے اس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا لیکن ہماری اس پیشکش کو انہوں نے رد کردیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قائم انکوائری کمیشن کے تقرر کو عوامی تحریک کے وکلاء نے چیلنج کیا ہوا ہے اور اس حوالے سے عوامی تحریک کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ انکوائری ایکٹ کے تحت کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کر نا حکومت کا صوابدیدی حق ہے جبکہ معاملہ عدالت میں ہے اور حکومت پنجاب اسے اب پبلک نہیں کرسکتی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے زیر سماعت کیس میں عدالت نے آئی جی پولیس سے لے کر کانسٹیبل تک 126پولیس ملازمین کو طلب کیا او ر ان سے جرح ہوئی جبکہ مقدمے میں نامزد 16سیاسی شخصیات کو عدالت نے بری کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے ایف آئی اے، چوکوں اور چوراہوں میں دیئے جانے والے بیانات میں تضاد ہے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے روز قادری ساری رات اپنے لوگوں کو ٹیلی فون پر بھڑکاتے رہے۔وزیر قانون پنجاب نے مزید کہا کہ انکوائری کمیشن کی جس رپورٹ کو پبلک کرنے کی وہ ڈیمانڈ کر رہے ہیں اس کو ان کے لوگوں نے خود عدالت میں چیلنج کیا ہوا ہے ، اب عدالت کے ججز کا اختیار میں ہے وہ جو فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہوگا۔

رانا ثناء اللہ

مزید : صفحہ اول