این اے 120میں فتح کیلئے پوری قیادت کو ڈیرے ڈالنا ہونگے:پی پی لاہور

این اے 120میں فتح کیلئے پوری قیادت کو ڈیرے ڈالنا ہونگے:پی پی لاہور

لاہور(نمائندہ خصوصی) لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کرنی ہے تو پھر اس کیلئے پارٹی کی پوری قیادت کو حلقہ میں ڈیر ے ڈالنے ہوں گے اور ڈور ٹو ڈور مہم چلانی ہو گی ،امیدوار کو لاوارث چھوڑنا ہے تو پھر الیکشن میں حصہ لینے سے گریز کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ رات پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں قمر زمان کائرہ اور حاجی عزیز الرحمن چن کی صدارت میں ہونیوالے این اے 120کے ضمنی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں کیا گیا۔ذرائع نے ’’ پاکستا ن‘‘ کو اجلاس کی اندرونی کہانی کے بارے میں بتایا ہے کہ اجلاس میں حافظ زبیر کار دار نے کہا مجھے پتہ ہے کن لوگوں نے سازش کرکے میر ی ٹکٹ رکوائی ہے میں ان کا پیچھا اور انہیں بے نقاب کرتا رہوں گا لیکن چونکہ اب پارٹی نے فیصل میر کو ٹکٹ دیدیا ہے اس لئے میں تن من دھن سے فیصل میر کی انتخابی مہم چلاؤں گا ، حلقے میں انتخابی دفتر کھولنے سمیت ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلاؤں گا اور ان کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کردوں گا۔ذرائع کے مطابق جب شکیل میر چنی نے یہ کہا کہ لاہور اور پنجاب تنظیم میں گروپ بندیوں کی وجہ سے پارٹی کا نقصان ہو رہا ہے تو اس پر حاجی عزیز الرحمن چن نے ان سے کہا یہ اجلاس این اے 120کے حوالے سے ہے آپ اسی ایشو پر بات کریں جس پر انہوں نے کہا جیت کیلئے پوری قیادت کو مہم چلانی اور امیدوار کو لا وارث نہیں چھوڑنا ہو گا ۔ذرائع کے مطابق فیصل میر نے ہر پولنگ سٹیشن پر پارٹی کے عہدیداروں کی ڈیوٹیاں لگانے کی تجویز دی جس پر قمر زمان کائرہ نے کہا آپ امیدوار ہیں جو کہیں گے جیسا کہیں گے پارٹی آپ کیساتھ چلے گی ، ہم آپ کو بااختیاربنانتے ہیں آپ الیکشن سے متعلق جو بھی حکمت عملی اختیار کریں گے ہم شانہ بشانہ ہوں گے۔

پی پی لاہور

مزید : صفحہ اول