امریکہ نے کشمیر تنظیم ’’ حز ب المجاہدین ‘‘ کو دہشتگرد قرار دیدیا

امریکہ نے کشمیر تنظیم ’’ حز ب المجاہدین ‘‘ کو دہشتگرد قرار دیدیا
 امریکہ نے کشمیر تنظیم ’’ حز ب المجاہدین ‘‘ کو دہشتگرد قرار دیدیا

  

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ نے کشمیری مجاہدین کی تنظیم ’’حزب المجاہدین‘‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز جاری ہونیوالے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس تنظیم کی ناپسندیدہ کارروائیاں امریکی امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کے سیکشن 219 کے تحت دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہیں، اس فیصلے کے نتیجے میں اس تنظیم کے امریکہ میں موجود تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں اور امریکی شہریوں پر اس تنظیم کیساتھ کسی بھی قسم کے لین دین کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ’’حزب المجاہدین‘‘ کشمیر میں سرگرم سب سے بڑی اور پرانی تنظیم ہے جس کی قیادت محمد یوسف شاہ المعروف سید صلاح الدین کرتے ہیں۔ یاد رہے امریکی وزارت خارجہ نے تقریباً دو ماہ قبل سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا۔ امریکی وزارت خارجہ نے ’’حزب المجاہدین‘‘ پر پابندی کا مقصد یہ بیان کیا ہے کہ اس طرح اس تنظیم کو ان وسائل سے محروم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ دہشت گرد کارروائیاں کرتی ہے۔ ’’حزب المجاہدین‘‘ کے ایک اہم مجاہد برہان وانی کو بھارتی فوج نے گزشتہ برس شہید کر دیا تھا جس کی پاکستان حکومت اور عوام نے شدید مذمت کی تھی۔

حزب المجاہدین

مزید : صفحہ اول