پولیس ہیڈکوارٹرمیں سیوریج کا نظام ٹھیک کیا جائے ،آئی جی سندھ

پولیس ہیڈکوارٹرمیں سیوریج کا نظام ٹھیک کیا جائے ،آئی جی سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونیوالے ایک اجلاس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے رینج وائز پولیس رپورٹنگ سینٹرز کے قیام کے امور،ڈرائیونگ لائسنس برانچز،پولیس لائنز،پولیس ٹریننگ سینٹرز کی مرمت، تزئین وآرائش کے حوالے سے ابتک اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مذید ضروری احکامات دیئے ۔اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزسندھ،زونل ڈی آئی جیز کراچی،لاڑکانہ، سکھر،میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد پولیس رینج کے ڈی آئی جیز،ڈی آئی جی ایڈمن کراچی کے علاوہ فائنانس، ٹی اینڈ ٹی کے ڈی آئی جیز اور ایڈمن،آپریشنزوفارنزک سندھ کے اے آئی جیز نے شرکت کی۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے تمام پولیس رینج کو مذکورہ امور کے حوالے سے فنڈز جاری کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بناکر تمام امور کی جلد سے جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے ۔مذید برآں انہوں نے کہا کہ پولیس لائن گارڈن ساؤتھ کے نکاسی آب/ سیوریج نظام کو فوری طور پر ٹھیک کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رینج کی سطح پر پولیس رپورٹنگ سینٹرز کے قیام کے حوالے سے 90فیصد کام ہوچکا ہے اور جلدہی بقیہ تکمیلی امور ختم کرتے ہوئے پولیس رپورٹنگ سینٹرباقاعدہ قابل عمل ہوجائیں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول