مظفرآباد پولیس کا جنرل ہولڈ اپ،200موٹرسائیکل بند
مظفرآباد(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ و پولیس کا مظفرآباد میں جنرل ہولڈ اپ ۔ناکہ بندی کے دوران بغیر نمبر پلیٹ و کاغذات 200سے زائد موٹر سائیکل ضبط۔درجنوں گاڑیاں رکشے رگڑے میں آگئے ۔تھانوں میں گاڑیاں موٹر سائیکل کھڑے کرنے کی جگہ کم پڑ گئی ۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان ،ایس ایس پی مظفرآباد راجہ اکمل خان کی نگرانی میں تحصیلدار حماد بشیر ،ایس ایچ او تھانہ سٹی راشد حبیب کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ و پولیس نے دارالحکومت مظفرآباد میں جنرل ہولڈ اپ آپریشن کیا ۔شہر بھرمیں پولیس کی بھاری نفری نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر رکھی تھی ۔نیلم پل پر ایس ایچ او تھانہ سٹی راشد حبیب نے ہمراہ اے ایس آئی ضیاء الاسلام ،زاہد عظیم اپر اڈہ میں منظر اے ایس آئی فہیم تفتیشی آفیسر جبکہ گھڑی پن چوک میں سب انسپکٹر راجہ شاہپال نے ہمراہ نفری کارروائی کے دوران تقریباً 200موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ و کاغذات ضبط کر لیے جبکہ درجنوں رکشے و گاڑیاں بھی ضبط کر کے تھانہ سٹی پپنچا دیں ۔ڈپٹی کمشنر ایس ایس پی کی ہدایت پر تحصیلدار حماد بشیر کی سربراہی میں جنرل ہولڈ اپ کیا گیا ۔تحصیلدار حماد بشیر نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی اور بغیر نمبر پلیٹ و کاغذات موٹر سائیکل و گاڑیوں کیخلاف آپریشن کیا گیا ہے ۔قانون شکن ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی کی جاری رہے گی ۔ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں کے کاغذات درست رکھیں تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔
۔