کسٹم انٹیلی جنس کراچی کی کارروائی ،16کروڑ سے زائد مالیت کی اشیاء برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کی ہدایت پر ڈائیریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ASO) کراچی کی اسمگلنگ کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف تابڑ توڑ کاروائیاں جاری ہیں۔ سینٹرل پلازہ گل پلازہ نشیمن سینما کے قریب چھاپہ مار کر 166.159 ملین مالیت کے موبائل فون الیکٹرونکس اشیاء برآمد کر لیے، 2 ملزمان کو دھر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ملزمان نان کسٹم پیڈ اسمگلنگ کے سامان کی نقل و حرکت کر رہے ہیں جس پر ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینس انویسٹی گیشن (ASO) کراچی کا عملہ فوری ایکشن میں آگیا اور سینٹرل پلازہ نشیمن سینما کے قریب ایک ٹرالر کنٹینر پر چھاپہ مارکر نان کسٹم پیڈ اسمگل شدہ موبائل فون، ٹیبلٹ، ایل ای ڈی ٹی وی و دیگر الیکٹرونکس اشیاء برآمد کرکے 2 ملزمان ڈرائیور عدنان اور کارگو کئیرئیر ایجنٹ محمد جنید کو حراست میں لے کر برآمد شدہ سامان کو سیل کردیا جس کی مالیت 166.159 ملین (16 کروڑ 60 لاکھ) روپے اور وزن 28.90MT نیٹ ہے۔ ملزمان ٹرالر کنٹینر سے اشیاء شہزور ٹرک میں ہنڈا ویزل پائلٹ کار کے ہمراہ منتقل کر رہے تھے کہ ASO کراچی کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ کار سرچنگ کے دوران ایک پستول ٹورس اور میگزین بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیق میں ملزمان کا گودام سینٹرل پلازہ 3097-98 تھرڈ فلور مارسٹن روڈ پر واقع ہے جبکہ گڈز ڈکلیریشن میں کے کے میٹل انڈسٹریز سمبڑیال سیالکوٹ نے مال 2 کنٹینرز امپورٹ کسٹم بونڈڈ کیئرئیر ایم ایس سیف الرحمان اینڈ برادرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے کئے تھے۔ گڈز ایگزامیشن کے مطابق موبائل فون ایسورٹڈ 14493 عدد مالیت 144.930 ملین، ٹیبلٹ 2282 عدد مالیت 13.692 ملین روپے، ایل ای ڈی TV 76عدد مالیت 1.140 ملین روپے، سیٹلائٹ ڈش رسیور 1708 عدد مالیت 3.416 ملین روپے، پینٹ مارکر 81600 عدد 0.816 ملین روپے ، موبائل فون ود آؤٹ LCD 970 عد دمالیت 1.940 ملین روپے، موبائل ایسسریز 1549 عدد 0.020 ملین روپے, سوئنگ نیڈلز 3200 عدد 0.032 ملین روپے، T.V بورڈ 77 عدد 0.077 ملین روپے، DVD-R 9600 عدد 0.096 ملین روپے کل مالیت 166.159 ملین (16 کروڑ 60 لاکھ) روپے ہے جبکہ ٹرالر اور کنٹینر کی مالیت 2500 ملین ون یونٹ شہروز ٹرک 1 ملین روپے (ون یونٹ) سینٹرل ویزل کار 3 ملین ون یونٹ اور کار کی رجسٹریشن بک میں محمد عمران کا نام درج ہے ملزمان نے چھاپے کے وقت کمپیوٹر پرنٹ آؤٹ جعلی گڈز ڈیکلریشن و دیگر جعلی دستاویزات دکھائی جو کہ ASO کراچی کی ٹیم نے غیر حقیقت فیک قرار دیدیں ٹرانس شپمنٹ پرمٹ اور شپنگ دستاویزات جعلی ثابت ہوئیں۔ ASO کی ٹیم نے بھاری مالیت کا سامان سیل کرکے ملزمان کو کسٹم کی مقامی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کرلیا ۔کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن شوکت علی نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائیگا اسمگلنگ کی روک تھام اور اسمگلرز کا قلع قمع کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے تاجروں سے بھی کہا کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو کسٹم ڈیوٹی و دیگر ڈیوٹیز کی چوری اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔