ملک کے گوشے گوشے کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں:مراد سعید

ملک کے گوشے گوشے کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں:مراد سعید

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیوں سٹاک اورامداد باہمی محب اللہ خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی کے ممبر مراد سعید نے ملوچ ہزارہ سوات میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے سینئر نائب صدر حاجی فضل مولا، سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان اور دیگر مقامی عہدیداران سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محب اللہ خان اور مراد سعید نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے اور ملک کے گوشے گوشے کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے اور شفاف نظام کے قیام کے لئے کوشاں ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ چار سالوں کے دوران مختلف علاقوں خاص طور پر پسماندہ اور اب تک نظر انداز کئے گئے گاؤں اور بستیوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی اقدامات شروع کئے۔ ہیں جنکی بدولت صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جس پر ماضی کی حکومتوں نے توجہ نہیں دی اور اسکی تعمیر کا سہرا پی ٹی آئی کے سر ہے اور اس سے علاقہ میں تجارتی و سماجی سہولتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام کو سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوات قدرتی آفات اور دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اس لئے پی ٹی آئی کی حکومت اس علاقے کی بحالی اور سیاحت کی سہولتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور معززین نے سوات کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی محب اللہ خان اور ایم این اے مراد سعید نے فیتہ کاٹ کر ملوچ ہزارہ سڑک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر