نواز شریف سازش سامنے لے کر آئیں یا میدان سے باہر ہو جائیں:سید طلعت حسین
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئرصحافی سید طلعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف جن سازشوں کی باتیں ہرجگہ کرتے آرہے ہیں ان کو چاہیے کہ سازشی عناصر کے نام سامنے لے آئیں یا پھر میدان سے باہر ہو جائیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز ‘‘ کے پروگرام” آج شاہ زیب خانزادہ“ میں گفتگو کرتے ہو ئے طلعت حسین کا کہنا تھا کہ نواز شریف آج وہی باتیں کر رہے ہیں جو انہوں نے پہلے دھرنے کے بعد کیں ،ڈان لیکس کے بعد بھی ان کے اسی طرح کے بیانات تھے جبکہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد بھی ان کابیانیہ نہیں بدلا۔طلعت حسین کا کہنا تھا کہ پورے جی ٹی روڈ پر بھی انہوں نے یہی باتیں کیں ، ان کی کسی تقریر میں کوئی بھی نئی بات نہیں تھی ۔
یہ بھی پڑھیں
نواز شریف کی ریلی میں صحافیوں پر تشدد ،سپیکر قومی اسمبلی نے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی
طلعت حسین کامزید کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ جن سازشی عناصر کی یہ بات کر رہے ہیں، ان کا نام 2 وجہ سے نہیں لے پا رہے، ایک تو یہ کہ ان میں اتنی اخلاقی جرات نہیں ہے اور دوسرا نواز شریف جانتے ہیں کہ اگرآج یہ کسی کا نام لیں گے تو وہ بھی ان کا کچا چٹھا کھول دیں گے۔سینئرصحافی کا کہنا تھا کہ آرمی کے ساتھ تو بظاہر یہ بہت کمفرٹ محسوس کر رہے تھے ،جب انہوں نے جنرل راحیل شریف کومنتخب کیا تھا تب تو ان کے ساتھ بڑے فوٹو سیشن کروائے گے اور کہا گیا کہ ان کے برابر کوئی جنرل نہیں ہے ، اب جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی انہوں نے ہی منتخب کیا ہے، نواز شریف کے اس بیان کے کہ ملک کے اٹھارہ وزرائے اعظم کو تیس سال ملے،اس کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اگر 30 سال جمہوری حکومت رہی ہے تواس میں 9سال تو یہ خود و زیر اعظم رہے ہیں، پانچ سال یہ ضیا دور میں وزیراعلیٰ رہ چکے جبکہ بارہ سال ان کی پارٹی نے پنجاب میں حکومت کی ہے۔