حکومتی معاملات کی نگرانی کرنا اپوزیشن کا حق ہے، بابر اعوان
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کو سپریم کورٹ نے ایک سال تلاشی کے بعد صادق و امین قرار دے دیا‘ اپوزیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ حکومت کے ہر معاملے میں نگران کا کردار ادا کرے‘ عمران خان کی سربراہی میں یہ ایک نیا جمہوری سفر ہے۔جمعرات کو بابر اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی تقریب صدر ہاؤس میں سادگی سے ہوگی۔ پاکستان میں اب رویہ بدل رہا ہے ایران جیسے دوست نے پاکستان کا یوم آزادی منایا ہے۔ عمران خان کو سپریم کورٹ نے ایک سال تلاشی کے بعد صادق و امین قرار دیا۔ اپوزیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ حکومت کے ہر معاملے میں نگران کا کردار ادا کرے حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں پر بولے۔ عمران خان کی سربراہی میں یہ ایک نیا جمہوری سفر ہے۔ عوام کے اوپر جو قوانین ہیں ان پر بھی کام کریں گے فاٹا کے لئے اس تبدیلی کے بعد نیا دور آرہا ہے۔ فاٹا کے اب الیکشن ہوں گے بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔ پاکستان کے نظام اور اداروں کو بہترین طریقے سے چلا کر دکھائیں گے۔ عمران خان کا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں سادگی پی ٹی آئی حکومت کا شعار ہوگا۔
بابر اعوان