دفاعی مصنوعات کی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑ ھانے کیلئے نجی شعبہ کی مدد کریں گے

دفاعی مصنوعات کی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑ ھانے کیلئے نجی شعبہ کی مدد کریں گے

  

لاہور(کامرس رپورٹر) چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاویداور ڈی جی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنر ل احمد محمود حیات کے ہمراہ اپنی نوعیت کی پہلی "سپلائرز اینڈ وینڈرز دفاعی نمائش" (سیوڈکس ) کا ایکسپو سنٹر لاہور میں افتتاح کردیا۔تقریب میں بریگیڈئیر وحید امتیاز، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر خواجہ خاور رشید ،نائب صدر ذیشان خلیل کموڈور طارق محمود ، کموڈور طاہر ، سابق صدور ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور مقامی و غیرملکی افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ سیوڈکس 2018کے ساتھ "پاکستان ڈیفنس انڈسٹری، ایکسپورٹ پوٹینشل، چیلنجزاینڈ پراسپیکٹس"کے نام سے سیمیناربھی منعقد کیا گیا ۔ افتتاحی خطاب میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ نجی شعبہ دفاعی برآمدات کو فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دفاعی مصنوعات کی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے نجی شعبہ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے دفاعی شعبہ میں پیداوار بڑھااور برآمدات کو بہتر بناکرپاکستان بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ کا بڑا حصہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرکے تحت کام کرنا ہو گا تاکہ بہتر نتائج حاصل ہوسکیں ۔ڈی جی ،ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل احمد محمود حیات نے اپنے خطاب میں منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن، جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر، پاکستان کی مسلح افواج،پبلک پرایؤیٹ سپلائرز اور وینڈرز،لاہور چیمبراکا سیوڈکس نمائش اور ڈیفنس انڈسٹری سیمینار منعقد کرنے کے لئے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس ملک طاہر جاوید نے کہا کہ آج لاہور چیمبر کی تاریخ کا ایک اور یادگار دن ہے، لاہور چیمبر 'سیوڈیکس 2018 ' منعقد کرنے کے لئے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کا مشکور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر 'سیوڈکس'کوپاکستان کی دفاعی پیداوار بڑھانے کے لئے ایک سنگ میل بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر پر دفاعی شعبہ سے منسلک پبلک سیکٹر آرگنائزیشنز کا اعتماد بڑھنا ہمارے لئے اعزاز اور حوصلہ افزائی کی بات ہے۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ کر کے تجارت میں عدم توازن کو دور کیا جاسکتا ہے، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوڈکس سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سیوڈکس کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری پبلک سیکٹر آرگنائزیشنز کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، لاہور چیمبر ملکی معیشت کے فروغ کے لئے آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام کرتا رہے گا۔

جنرل زبیر محمود حیات

مزید :

صفحہ آخر -