بچوں کی اموات کی خبریں پڑھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، طاہرالقادری
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ایٹمی اور زرعی ملک پاکستان میں قحط اور غذائی قلت سے بچوں کی اموات کی خبریں پڑھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، غذائی قلت اور قحط سے متاثرہ علاقوں کے عوام اور بچوں کی ہنگامی بنیادوں پر مدد کی جائے، تھر میں ہر سال سینکڑوں بچے بھوک، بیماری اور قحط سے جان کی بازی ہارجاتے ہیں مگر ذمہ داروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی،وہ گزشتہ روز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر امجدعلی شاہ اور دیگر عہدیداروں سے ٹیلیفون پر بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر نے عید قربان کے حوالے سے اجتماعی قربانیوں کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی، طاہرالقادری نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میںیو این کی رپورٹ کے حوالے سے واضح کیا گیا تھا کہ پاکستان غذائی قلت کے شکار خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل ہے اور ہر پانچواں شخص غذائی کمی کا شکار ہے اور خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ’سربراہ عوامی تحریک نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو ہدایت کی کہ عید قربان پر حفظان صحت کے جملہ اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے پسماندہ اور قحط سے متاثرہ علاقوں کے عوام تک قربانی کا گوشت ترجیجاً پہنچایا جائے اور غریب اور دکھی انسانیت کو عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔
طاہرالقادری