قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی پیشکش ، ڈیرن بیری نے معذرت کرلی

قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی پیشکش ، ڈیرن بیری نے معذرت کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلوی اسٹیٹ ٹیم کے سابق کرکٹر ڈیرن بیری نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی پیشکش مسترد کردی۔سابق وکٹ کیپر بلے باز اس وقت پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ابھی بیرون ملک کل وقتی ملازمت کے لیے تیار نہیں ہیں۔ڈیرن بیری نے کہا کہ میں اس پیشکش کے لیے مکی آرتھر اور پی سی بی کا بہت شکر گزار ہوں، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کل وقتی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے یہ صحیح وقت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ کام جاری رکھوں گا اور بین الاقوامی کوچنگ کی پیشکش سے متعلق بھی غور کروں گا۔ڈیرن بیری کو فیلڈنگ کوچنگ کی پیشکش اس وقت کی گئی جب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے ذاتی اور پیشہ ورانہ وجوہات کی بنا پر اپنے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ ڈیرن بیری نے 1989سے 2004تک 153فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ ہونے سے قبل انہوں نے مقامی ٹیم جنوبی آسٹریلیاکے ساتھ چار سال گزارے اور اس کی بگ بیش کے2010-11کے سیزن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے میں رہنمائی کی۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ڈیرن بیری کی خدمات حاصل نہ کرنے پر مایوسی ہوئی۔مکی آرتھر کو امید تھی کہ وکٹوریہ سے تعلق رکھنے والے ڈیرن بیری فیلڈنگ کوچ بن جائیں گے مگر انھوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر انکار کردیا، اس بارے میں آرتھر نے کہاکہ میں اس وقت مختلف شخصیات کا جائزہ لے رہا ہوں تاہم مجھے ڈیرن بیری کی خدمات حاصل نہ کرنے پر مایوسی ہوئی، وہ ہمارے لیے بہت اچھے فیلڈنگ کوچ ثابت ہوسکتے تھے۔