بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اجیت واڈیکر چل بسے
ممبئی (آئی این پی)سابق بھارتی کرکٹ کپتان اجیت واڈیکر ممبئی کے ا سپتال میں طویل علالت کے بعد77برس کی عمر میں چل بسے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اجیت واڈیکرکے انتقال کی خبر ملتے ہی بھارتی صدر رام ناتھ کووند،وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کرکٹ شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پرا نہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ا ور کہا کہ 1971میں کیریبئن اور انگلینڈ میں انہوں نے بھارت کو نمایاں کامیابی دلائی۔مودی نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اجیت واڈیکر کوایک عظیم بلے باز اور زبردست کپتان قرار دے دیا۔انہوں نے لکھا کہ اجیت واڈیکرنے ہماری ٹیم کی قیادت کی اور ہماری کرکٹ کی تاریخ میں چند یادگار فتوحات دلائیں۔بھارتی وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ کرکٹ کے ایک موثر منتظم بھی تھے۔ممبئی میں یکم اپریل 1941کو پیداہو نے والے واڈیکر نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ 1958میں کھیلاتھا اور بین الاقوامی کرکٹ میں انہوں نے 1966میں قدم رکھا۔واڈیکرنے 37ٹیسٹ میچ کھیلے اور 14نصف سنچریوں اور ایک سنچری کی مدد سے 2ہزار 113رنز بنائے۔انہوں نے 1974میں انگلینڈ کے خلاف 2ون ڈے میچ بھی کھیلے۔