عمران خان کے خلافہتک عزت دعویٰ کی سماعت یکم ستمبر تک ملتوی
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کر دی،عدالت نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف عمران خان کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ایڈیشنل اینڈ سیشن جج انجم ممتاز ملک نے کیس کی سماعت کی،عمران خان کے وکیل بابر اعوان اسلام آباد میں مصروفیت کی بناء پر گزشتہ روزعدالت پیش نہیں ہوسکے ،بابر اعوان کے معاون ساجد منور قریشی ایڈووکیٹ کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق اعتراض کیا گیاہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں شہباز شریف سے متعلق بات کی تھی ،لاہور کی عدالت کو ہرجانہ کیس کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں،عدالت نے فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق بحث کے لئے طلب کر لیاہے،شہباز شریف کی جانب سے ہرجانہ کے دعویٰ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے پاناما پیپرز کے معاملے پرعوام کو گمراہ کیا۔
اور شہباز شریف پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عمران خان کو 10ارب روپے کی پیشکش کی،عمران خان نے سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے شہباز شریف کی کردار کشی کی ہے ۔