آئندہ سماعت پرجواب نہ ملا تو سیکرٹری خارجہ کو طلب کریں گے، جسٹس مامون رشید

آئندہ سماعت پرجواب نہ ملا تو سیکرٹری خارجہ کو طلب کریں گے، جسٹس مامون رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کے خلاف کیس میں وزارت خارجہ کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت تک جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری خارجہ کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے عدالت میں موقف اختیار کررکھا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی طریقہ کار اور میرٹ کے برعکس کی گئی جس کی وجہ سے درخواست گزار عہدہ کے لئے اپلائی نہیں کر سکا جو کہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار مطلوبہ تعلیم اور تجربہ کے حامل ہیں، امریکہ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں مختلف عہدوں پر کام کا تجربہ بھی رکھتے ہیں، درخواست میں مزیدکہا گیا ہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے اور سفارتکاری کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ملکی مفادات کو سنگین نقصان پہنچ سکتا ہے۔امریکہ جیسے ملک میں سینئراور تجربہ کار سفارتکار کی تعیناتی سے قبل پارلیمنٹ اور کابینہ کی منظوری میں ہی ملکی مفاد وابستہ ہے،انہوں نے استدعا کی کہ میرٹ کے برعکس تعیناتی کی بناء پر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے، وزارت خارجہ کی خاتون پروٹوکول افسر کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں کام نہ کرنے کا وتیرہ بن چکا ہے،فائلیں ایک سے دوسرے ہاتھ منتقل ہوتی ہیں جبکہ نتیجہ بالکل صفرہوتا ہے،عدالت نے جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو اس سے سروکار نہیں کہ سیکرٹری خارجہ کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں،اگر آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری خارجہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا،عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔
جسٹس مامون رشید

مزید :

علاقائی -